ضمنی انتخابات میں مسلم لیگ (ن) کی کامیابی پر وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے عوام کے نام خصوصی پیغام جاری کرتے ہوئے تاریخی مینڈیٹ پر اللہ تعالیٰ کا شکر اور عوام کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔
انہوں نے کہا کہ یہ کامیابی صرف چند سیٹوں کا الیکشن نہیں بلکہ ایک ریفرنڈم تھا جس میں پنجاب اور خیبر پختونخوا کے عوام نے واضح طور پر مسلم لیگ (ن) کے حق میں فیصلہ دیا۔
وزیرِ اعلیٰ پنجاب نے کامیاب امیدواروں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ عوام نے ایک بار پھر خدمت، ترقی اور استحکام کے راستے کو منتخب کیا ہے۔ ان کے مطابق کام کرنے والے ہی ووٹ لیتے ہیں اور پاکستان نے پُرفتنہ، انتشار اور منفی سیاست کو ہمیشہ کے لیے مسترد کردیا ہے۔
مریم نواز نے کہا کہ پاکستان کی تاریخ میں شاید ہی اتنے بڑے پیمانے پر ضمنی انتخابات ہوئے ہوں۔ انہوں نے کہا کہ یہ عام ضمنی الیکشن نہیں تھے، یہ ایک ریفرنڈم تھا جس میں عوام نے مسلم لیگ (ن) کو بھرپور اعتماد دیا۔
وزیرِاعلیٰ پنجاب نے کہا کہ سیاسی عمل سے باہر رہنے والے حقیقی سیاست سے دور ہوجاتے ہیں۔ سیاسی جماعتیں صرف انتخابات جیتنے کے لیے نہیں لڑتیں بلکہ عوامی خدمت کے لیے میدان میں اُترتی ہیں۔
مریم نواز نے کہا کہ کسی مصنوعی طور پر کھڑی کی گئی قیادت یا جماعت کی عمر زیادہ نہیں ہوتی۔ انہوں نے پی ٹی آئی پر تنقید کرتے ہوئے کہاکہ صرف بیانیہ کی سیاست وقتی ہوتی ہے، کام کے بغیر ہمیشہ زوال آتا ہے۔ 2017 کے بعد جو ترقی کا سفر جاری تھا، بیانیے کی سیاست نے اسے روک دیا۔ آج سچ سب کے سامنے ہے۔
مریم نواز نے اپنی سیاسی جدوجہد کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ 2018 میں جب نواز شریف قید میں تھے، وہ خود بھی جیل میں تھیں، میں شاید پہلی خاتون تھی جس کے ساتھ اتنا ظلم ہوا، مگر ہم نے الیکشن کا بائیکاٹ نہیں کیا۔ بدترین حالات کے باوجود ہم مقابلے کے لیے کھڑے رہے۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن سے بھاگنا ان لوگوں کا وتیرہ ہے جنہیں اپنی شکست کا یقین ہو۔
وزیرِاعلیٰ نے کہا کہ پی ٹی آئی کے امیدوار تمام حلقوں میں موجود تھے، تصاویر لگائیں، کیمپین چلائی، مگر ہارنے کے بعد بائیکاٹ کا بہانہ بنالیا، اتنی منافقت میں نے نہیں دیکھی۔ وزیرآباد کے الیکشن میں انہی لوگوں کو دھاندلی کے لیے بھاگتے ہوئے پکڑا گیا۔
مریم نواز نے کہا کہ ایک وقت وہ بھی تھا جب پوری ریاستی مشینری مسلم لیگ (ن) کے خلاف کھڑی تھی، لیکن اس کے باوجود انہوں نے میدان خالی نہیں چھوڑا، جب عوام ساتھ ہوں تو نہ خوف رہتا ہے نہ بائیکاٹ کا بہانہ۔ انتخاب امید پر نہیں، حوصلے پر لڑا جاتا ہے۔
اپنے تجربات شیئر کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے انتخابات میں انہیں پہلے ہی بتا دیا گیا تھا کہ صرف دو نشستیں ملیں گی، مگر انہوں نے اس کے باوجود الیکشن لڑا، بائیکاٹ نہیں کیا۔
مریم نواز نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی فتح عوام کے روشن مستقبل، ترقی کے سفر میں تیزی، معاشی استحکام اور بہتر طرزِ حکمرانی پر بھرپور اعتماد کی علامت ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں خدمت کا سفر پہلے سے زیادہ تیزی کے ساتھ آگے بڑھے گا۔