ضمنی انتخابات میں ن لیگ کامیاب، قومی اسمبلی اور صوبائی کی 6 نشستیں جیت لیں

image

قومی و صوبائی اسمبلی کی مجموعی 13 نشستوں پر ہونے والے ضمنی انتخابات کے غیر حتمی، غیر سرکاری نتائج کے مطابق مسلم لیگ ن نے شاندار کامیابی حاصل کرتے ہوئے واضح برتری حاصل کرلی۔ قومی اسمبلی کی تمام 6 نشستیں مسلم لیگ ن کے نام رہیں جبکہ صوبائی اسمبلی کی 7 میں سے 6 نشستوں پر بھی ن لیگ کے امیدوار کامیاب ہوئے۔ پیپلز پارٹی صرف ایک حلقے میں کامیابی حاصل کر سکی۔

ضمنی انتخابات میں تحریک انصاف کی چھوڑی گئی تقریباً تمام نشستوں پر ن لیگ کامیاب رہی۔این اے 18 ہری پور میں مسلم لیگ ن کے بابر نواز خان نے 1,63,996 ووٹ حاصل کر کے پی ٹی آئی کی حمایت یافتہ امیدوار شہرناز عمر ایوب کو 43 ہزار سے زائد ووٹوں سے شکست دی۔ یہ نشست عمر ایوب خان کی نااہلی پر خالی ہوئی تھی۔

این اے 129 لاہور سے حافظ میاں محمد نعمان نے 63,441 ووٹ حاصل کر کے میدان مارا جبکہ آزاد امیدوار ارسلان احمد 29,099 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔این اے 185 ڈیرہ غازی خان سے ن لیگ کے محمود قادر خان 82,416 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے۔ پیپلز پارٹی کے دوست محمد کھوسہ 49,262 ووٹ کے ساتھ دوسرے نمبر رہے۔

این اے 143 ساہیوال سےمسلم لیگ ن کے محمد طفیل جٹ 1,36,223 ووٹ لے کر بھاری اکثریت سے کامیاب ہوئے۔این اے 104 فیصل آباد سے ن لیگ کے دانیال احمد نے 52,791 ووٹ لے کر کامیابی سمیٹی جبکہ این اے 96 فیصل آباد سے بلال بدر چوہدری 93 ہزار سے زائد ووٹوں کے ساتھ فاتح رہے۔ وہ وزیرِ مملکت طلال چوہدری کے بھائی ہیں۔

پنجاب اسمبلی میں 7 میں سے 6 نشستیں ن لیگ کے نام رہیں۔ پی پی 87 میانوالی سے ن لیگ کے علی حیدر نور خان نیازی 67,986 ووٹ لے کر کامیاب رہے۔پی پی 98 فیصل آباد سے آزاد علی تبسم نے 44,388 ووٹوں کے ساتھ کامیابی حاصل کی۔ پی پی 115 فیصل آباد سےن لیگ کے محمد طاہر پرویز 49,049 ووٹ لے کر فاتح رہے۔

پی پی 116 فیصل آباد سے رانا ثناءاللہ کے داماد احمد شہریار نے 48,824 ووٹ لے کر کامیابی اپنے نام کی۔ پی پی 203 ساہیوال سے محمد حنیف 46,900 ووٹوں کے ساتھ جیت گئے۔پی پی 73 سرگودھا سے سلطان علی رانجھا 71,770 ووٹ لے کر سبقت لے گئے۔ پی پی 269 مظفرگڑھ سے واحد نشست جہاں ن لیگ ناکام رہی، یہاں پیپلز پارٹی کے علمدار قریشی 55,611 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے۔

ہری پور، لاہور، فیصل آباد، ساہیوال، ڈیرہ غازی خان اور دیگر علاقوں میں پولنگ پُرامن ماحول میں مکمل ہوئی۔ خواتین، بزرگ، نوجوان اور معذور ووٹرز نے بڑی تعداد میں اپنا حق رائے دہی استعمال کیا۔

غیر حتمی نتائج کے مطابق مسلم لیگ ن نے ضمنی انتخابات میں بھرپور برتری حاصل کرتے ہوئے مجموعی طور پر چھ قومی اور چھ صوبائی نشستوں پر سبقت قائم کی۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US