پاکستان آرمی اور چین کی پیپلز لبریشن آرمی نے مشترکہ فوجی مشق وارئیر IX کا باضابطہ آغاز کر دیا ہے۔ یہ مشق یکم دسمبر 2025 کو نیشنل کاؤنٹر ٹیررازم سینٹر پبی میں شروع ہوئی اور انسدادِ دہشت گردی پر مبنی ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق یہ سالانہ مشق دونوں آہنی برادر ممالک کے درمیان دو طرفہ عسکری تعاون کی مضبوط روایت کا حصہ ہے اور اس کا نوواں ایڈیشن ہے۔ مشق کا بنیادی مقصد انسدادِ دہشت گردی کارروائیوں میں مہارت بڑھانا، فوجی اہلکاروں کے درمیان پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا تبادلہ، اور جدید جنگی تقاضوں کے مطابق مشترکہ تعاون کو مزید مضبوط بنانا ہے۔
آئی ایس پی آر نے کہا کہ پاکستان اور چین کے درمیان دیرینہ دفاعی شراکت داری باہمی اعتماد اور تزویراتی تعاون پر مبنی ہے، اور وارئیر IX اس تعلق کی مضبوطی کا واضح ثبوت ہے۔ یہ مشق دونوں ممالک کے علاقائی امن و استحکام کے مشترکہ عزم کا بھی اعادہ کرتی ہے۔
افتتاحی تقریب میں منگلا کور کمانڈر، میجر جنرل بیان شیاؤمنگ، ڈپٹی چیف آف اسٹاف ویسٹرن تھیٹر کمانڈ اور پاکستان و چین کے سینئر فوجی حکام نے شرکت کی۔ تقریب کے دوران دونوں ممالک کے وفود نے مشق کی اہمیت، اہداف، اور مستقبل میں فوجی تعاون کے مزید فروغ پر زور دیا۔