وفاقی وزیر اطلاعات نے تیزی سے بڑھتی آبادی کو بڑا قومی چیلنج قرار دے دیا

image

وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ نے پاکستان پاپولیشن سمٹ سے خطاب کرتے ہوئے ملک میں تیزی سے بڑھتی آبادی کو سب سے بڑا قومی چیلنج قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہر سال پاکستان کی آبادی میں نیوزی لینڈ کی پوری آبادی کے برابر اضافہ ہو رہا ہے، جو مستقبل کے لیے سنگین خدشات کو جنم دے رہا ہے۔

وزیر اطلاعات نے کہا کہ آبادی کا مسئلہ براہِ راست زندگی کے بنیادی حق سے منسلک ہے، اس لیے اس معاملے پر قومی سطح پر فوری اور سنجیدہ اقدامات کی ضرورت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ آبادی میں تیزی سے اضافہ نہ صرف تشویشناک ہے بلکہ آگاہی کے فقدان کی وجہ سے یہ چیلنج مزید سنگین ہوتا جا رہا ہے۔

عطاء اللہ تارڑ نے زور دیا کہ بڑھتی ہوئی آبادی کے باعث صحت، تعلیم، روزگار اور دیگر بنیادی سہولیات پر دباؤ بڑھ رہا ہے، جبکہ محدود وسائل کے باعث انتظامی و معاشی چیلنجز بھی پیدا ہو رہے ہیں۔ ان کے مطابق آبادی میں مسلسل اضافہ ترقی کی رفتار کو سست اور معیشت پر اضافی بوجھ ڈال رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ آبادی کے چیلنج سے نمٹنے کے لیے معاشرے کے ہر طبقے کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ بطور قانون ساز، ہمیں صحت کے پہلوؤں اور زندگی کے حق کے ضمن میں مؤثر قانون سازی کرنا ہوگی۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ خطے کے دیگر ممالک کے مقابلے میں پاکستان میں ورکنگ ویمن کی شرح کم ہے، جسے معاشرتی رویوں اور آگاہی کے ذریعے بہتر بنانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ آبادی کے مسئلے کا حل صرف حکومت کے بس کی بات نہیں، بلکہ یہ ایک معاشرتی مسئلہ ہے جس کے لیے اجتماعی کوششیں درکار ہیں۔

آخر میں عطاء اللہ تارڑ نے تجویز پیش کی کہ آبادی کے بڑھتے ہوئے دباؤ سے نمٹنے کے لیے ایک موثر ورکنگ گروپ تشکیل دیا جانا ضروری ہے جو پالیسی سازی اور آگاہی مہمات کے لیے جامع سفارشات تیار کرے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US