آپریشن بنیان مرصوص میں پاکستان ائیر فورس نے دشمن کو عبرتناک شکست دی، ائیر چیف

image

ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے پی اے ایف اکیڈمی رسالپور میں پاسنگ آؤٹ پریڈ سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ آپریشن بنیان مرصوص میں پاکستان ائیر فورس نے دشمن کو بھرپور شکست دی اور 10 مئی کو دشمن کے ڈیفنس سسٹم کو کامیابی سے نشانہ بنایا۔ سربراہ پاک فضائیہ نے بتایا کہ معرکۂ حق میں پاکستان ائیر فورس کی کارکردگی بین الاقوامی سطح پر تسلیم کی گئی اور اس پر اسٹڈی بھی کی جا رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ مئی کے دوران پاکستان کی خودمختاری کو چیلنج کیا گیا، جس پر پاکستان ائیر فورس نے رافیل سمیت دشمن کے جدید ترین لڑاکا طیارے مار گرائے اور اپنے سائبر وار فیئر میں برتری کو ثابت کیا۔ ائیر چیف نے مزید کہا کہ دشمن کو اس سے بھی زیادہ نقصان پہنچایا جا سکتا تھا لیکن ایک پروفیشنل فورس ہونے کے ناطے ہمارا ایکشن کیلکولیٹڈ اور مؤثر تھا جس کا مقصد عزت کے ساتھ امن کا حصول تھا۔

انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وطن عزیز کی سلامتی پر کبھی آنچ نہیں آنے دیں گے اور اگر قومی خودمختاری دوبارہ چیلنج کی گئی تو دشمن پاک فضائیہ کو پہلے سے زیادہ مضبوط اور بہتر تیار پائے گا۔

پروقار پاسنگ آؤٹ پریڈ میں 151 جی ڈی پی، 97 انجینئرنگ، 108 ویں ایئر ڈیفنس کورس، 10 ویں نیویگیشن الفا، 28 ویں ایڈمن اینڈ اسپیشل ڈیوٹیز، 11 لاجسٹکس اور 98 ای سی رائل سعودی ایئر فورس کے کیڈٹس شامل تھے۔ تقریب کے دوران پاک فضائیہ کے لڑاکا طیاروں اور شیر دل ایروبیٹکس ٹیم نے فلائی پاسٹ کا مظاہرہ کیا۔

ائیر چیف مارشل نے کہا کہ معرکۂ حق میں حاصل شدہ فیصلہ کن کامیابی تینوں افواج کی ہم آہنگی، جارحانہ فیصلہ سازی اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت کا نتیجہ تھی اور یہ قوم اور مسلح افواج کے اتحاد اور اللہ تعالیٰ کی خصوصی رحمتوں کا مظہر ہے۔ انہوں نے کیڈٹس کو مادر وطن کی فضائی سرحدوں کے دفاع کے مقدس مقصد کا امین بنانے پر زور دیا اور کہا کہ پوری قوم کی امیدیں نوجوانوں کے کندھوں پر ہیں۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US