برطانیہ کے ریزیڈنٹ ڈاکٹرز نے تنخواہوں میں ناکافی اضافہ اور حکومت کی ناکامی پر کرسمس سے قبل 17 سے 22 دسمبر تک پانچ روزہ ہڑتال کا اعلان کر دیا ہے۔
ریزیڈنٹ ڈاکٹرز کمیٹی کے سربراہ کا کہنا ہے کہ حکومت نے ڈاکٹرز کی تنخواہوں میں اضافہ کرنے اور ملازمتوں کے بحران کو حل کرنے کے لیے قابل اعتماد منصوبہ پیش کرنے میں ناکامی کا مظاہرہ کیا جس کی وجہ سے ہڑتال کے سوا کوئی چارہ نہیں بچا۔
رپورٹس کے مطابق ریزیڈنٹ ڈاکٹرز کو فی گھنٹہ 15 پاؤنڈ تنخواہ دی جاتی ہے جسے وہ ناکافی قرار دیتے ہوئے اضافے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ یہ 14 ویں ہڑتال ہوگی اور ریزیڈنٹ ڈاکٹرز این ایچ ایس کی میڈیکل ورک فورس کا تقریباً نصف حصہ ہیں۔
ہڑتال کے دوران طبی خدمات متاثر ہو سکتی ہیں اور این ایچ ایس کے اہم اسپتالوں میں ایمرجنسی سروسز جاری رہیں گی۔یہ اقدام برطانیہ میں صحت کے شعبے میں تنخواہوں اور ملازمت کے مسائل پر بڑھتی ہوئی تشویش کی عکاسی کرتا ہے۔