چارسدہ میں فیڈرل کانسٹیبلری ٹریننگ سینٹر میں پہلے بیج کی پاسنگ آؤٹ پریڈ کا انعقاد کیا گیا۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی تقریب کے مہمانِ خصوصی تھے۔ ان کی آمد پر کمانڈنٹ فیڈرل کانسٹیبلری نذیر گاڑا اور اعلیٰ افسران نے ان کا استقبال کیا۔
تقریب کا آغاز کمانڈنٹ ایف سی کے خطبۂ استقبالیہ سے ہوا۔ بعدازاں وزیر داخلہ محسن نقوی نے پریڈ کا معائنہ کیا، جس کے بعد فیڈرل کانسٹیبلری کے چاق و چوبند دستوں نے شاندار مارچ پاسٹ کیا اور سلامی پیش کی۔
تقریب میں جوانوں نے عملی اور پیشہ ورانہ تربیت کے مختلف مظاہرے بھی پیش کیے جنہیں وزیر داخلہ نے سراہا۔ محسن نقوی نے جوانوں کی تربیت، نظم و ضبط اور مہارت کو قابلِ ستائش قرار دیتے ہوئے کہا کہ فیڈرل کانسٹیبلری کا یہ پہلا بیج سیکیورٹی فورسز میں ایک مضبوط اضافہ ہے۔
آخر میں وزیر داخلہ محسن نقوی نے نمایاں کارکردگی دکھانے والے اہلکاروں میں انعامات بھی تقسیم کیے۔