نیپا نالہ سانحہ: لاش ڈھونڈنے والے کو انعام، ریسکیو ٹیموں پر الزامات نے نیا موڑ لے لیا

image

کراچی کے علاقے نیپا پل کے قریب نالے میں گر کر جاں بحق ہونے والے تین سالہ بچے کی لاش ملنے کے واقعے کے بعد ایس ایس پی ایسٹ فرخ ملک نے لاش کی تلاش میں کردار ادا کرنے والے بچے تنویر گوپانگ کو نقد انعام اور پھولوں کا تحفہ پیش کیا۔

ایک جانب ایس ایس پی ایسٹ بچے تنویر کو انعام سے نواز رہے جبکہ دوسری جانب ترجمان بلدیہ عظمیٰ کراچی دانیال سیال نے دعویٰ کیا ہےکہ گزشتہ رات یہ افسوسناک واقعہ پیش آیا جب معصوم بچہ نالے میں گر گیا تھا۔ اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں اور بلدیہ عظمیٰ کا عملہ موقع پر پہنچا اور تلاش کا عمل شروع کردیا۔

ترجمان کے مطابق ریسکیو ٹیموں کو چند شرپسند عناصر کی جانب سے مزاحمت کا سامنا بھی کرنا پڑا جس کے باعث سرچ آپریشن میں تاخیر ہوئی تاہم ٹیموں نے مشکلات کے باوجود کام جاری رکھا اور بچے کی لاش نالے سے برآمد ہوئی۔

انہوں نے بعض افراد کی جانب سے پھیلائی جانے والی اس افواہ کی سختی سے تردید کی کہ بچے کی لاش ریسکیو ٹیموں نے نہیں بلکہ کسی کچرا چننے والے نے ڈھونڈی ہے۔ ترجمان نے واضح کیا کہ یہ دعویٰ سراسر جھوٹ ہے بچے کی لاش ریسکیو ٹیموں نے ہی تلاش کی مگر اس وقت تک وہ جاں بحق ہوچکا تھا۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز نیپا چورنگی میں تین سالہ بچہ ابراہیم نالےمیں گر کر جاں بحق ہو گیا تھا جس کی لاش پندرہ گھنٹے بعد ملی تھی۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US