ڈی پی ورلڈ، جو عالمی سطح پر لاجسٹکس کے جامع حل فراہم کرنے والا ادارہ ہے، اور کے۔الیکٹرک کے درمیان ایک اہم معاہدہ طے پایا ہے جس کے تحت قاسم انٹرنیشنل کنٹینر ٹرمینل (QICT) میں 132 کے وی کا خصوصی گرڈ اسٹیشن قائم کیا جائے گا۔
یہ منصوبہ ٹرمینل کی بڑھتی ہوئی ضروریات کے لیے 26 میگاواٹ کی مستحکم اور مؤثر بجلی کی فراہمی کو یقینی بنائے گا۔ اس سے پاکستان کے علاقائی اور عالمی تجارت میں کردار کو مزید تقویت ملے گی۔
نیا گرڈ اسٹیشن ٹرمینل کی آپریشنل استعداد میں اضافہ، بجلی کی رسائی میں بہتری اور مستقبل میں الیکٹریفکیشن کے عمل کو سپورٹ کرنے کے لیے تیار کیا جا رہا ہے۔ یہ اقدام دونوں اداروں کی پائیداری، بھروسے اور جدیدیت کے مشترکہ وژن کا حصہ ہے۔
کے۔الیکٹرک کی چیف ڈسٹری بیوشن و مارکومز آفیسر سعدیہ دادا نے کہا، گرڈ پاور کی جانب منتقلی نظام کی بھروسے مندی اور لاگت کے لحاظ سے مسابقت پر بڑھتے اعتماد کی عکاسی کرتی ہے، خاص طور پر اُن صنعتوں کے لیے جن کی ضروریات مسلسل بڑھ رہی ہیں۔ ڈی پی ورلڈ کے ساتھ یہ اشتراک اس مشترکہ سمجھ کو ظاہر کرتا ہے کہ ترقی اور آپریشنل افادیت کے لئے معیاری اور مستحکم بجلی بنیادی حیثیت رکھتی ہے۔
ڈی پی ورلڈ کے قاسم انٹرنیشنل کنٹینر ٹرمینل کے سی ای او جنید ضمیر نے کہا کہ پورٹ قاسم پاکستان کے اہم ترین تجارتی دروازوں میں سے ایک ہے اور اس کی مسلسل ترقی کا انحصار قابلِ بھروسہ توانائی پر ہے۔ کے۔الیکٹرک کے ساتھ خصوصی گرڈ اسٹیشن کا قیام ہمارے ٹرمینل کی ریزیلینس کو مضبوط بنائے گا اور پاکستان سمیت خطے میں مزید پائیدار تجارت کے ہمارے ہدف کو سپورٹ کرے گا۔
یہ خصوصی گرڈ اسٹیشن کیو آئی سی ٹی کی توسیع پذیر سرگرمیوں کو سپورٹ کرے گا اور تجارتی عمل کو بلا رکاوٹ جاری رکھنے کے لیے پائیدار بجلی کی فراہمی کو یقینی بنائے گا۔ پورٹس، مینوفیکچرنگ اور لاجسٹکس جیسے اہم شعبوں کو مستحکم توانائی فراہم کر کے کے۔الیکٹرک قومی معیشت کی بنیادوں کو مضبوط بنانے کے لیے اپنے کردار کو مزید مؤثر بنا رہا ہے۔
ڈی پی ورلڈ چھ براعظموں میں تجارت کی روانی کو ممکن بنانے والا ایک عالمی ادارہ ہے جس کے آپریشنز میں پورٹ قاسم بھی شامل ہے۔
کے۔ الیکٹرک (KE) ایک پبلک لسٹڈ کمپنی ہے، جس کا قیام 1913ء میں عمل میں آیا اور قیام پاکستان کے بعد کے ای ایس سی (KESC) کے نام سے اس کی پاکستان میں شمولیت ہوئی۔ 2005 میں کمپنی کی نجکاری کی گئی۔ کے۔ الیکٹرک پاکستان کی واحد عمودی طور پر مربوط پاور یوٹیلیٹی ہے، جو کراچی اور اُس کے ملحقہ علاقوں کو بجلی فراہم کرتی ہے۔