وزارتِ دفاع نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی بطور چیف آف ڈیفنس فورسز تعیناتی اور ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو کی مدتِ ملازمت میں دو سال توسیع کے باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیے۔
گزشتہ روز صدرِ پاکستان آصف علی زرداری نے وزیراعظم شہباز شریف کی سفارش پر فیلڈ مارشل عاصم منیر کی بطور چیف آف ڈیفنس فورسز تقرری کی منظوری دی تھی جس کے بعد آج وزارتِ دفاع نے بھی آئین پاکستان کی شق 243 اور آرمی ایکٹ کی شق 8 اے کے تحت سرکاری نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔
اعلامیے کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی بطور چیف آف ڈیفنس فورسز تعیناتی 5 سال کے لیے ہوگی۔وہ چیف آف آرمی اسٹاف کے ساتھ ساتھ ملک کے پہلے چیف آف ڈیفنس فورسز بھی ہوں گے۔
وزیراعظم نے فیلڈ مارشل عاصم منیر کی بطور آرمی چیف اور چیف آف ڈیفنس فورسز تعیناتی کی سمری صدر مملکت کو ارسال کی تھی جسے گزشتہ روز منظور کر لیا گیا تھا۔
اسی طرح وزارتِ دفاع نے چیف آف ائیر اسٹاف ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو کی مدتِ ملازمت میں دو سال توسیع کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا ہے۔اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ مدتِ ملازمت میں توسیع کا اطلاق ان کی موجودہ پانچ سالہ مدت کے ختم ہونے کے بعد 19 مارچ 2026 سے ہوگا۔