خیبر پختونخوا میں بارشوں اور برفباری کا امکان، پی ڈی ایم اے کی رپورٹ جاری

image

پی ڈی ایم اے خیبر پختونخوا نے طویل خشک سالی کے بعد عوام کو بارشوں کی نوید سنادی، محکمہ کی جاری رپورٹ میں آج اور کل بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے، اس سلسلے میں کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچنے کیلیے پی ڈی ایم اے الرٹ جاری کردیا گیا ہے۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق 4 سے 5 دسمبر کو مختلف اضلاع میں وقفے وقفے سے بارش اور بالائی علاقوں میں برفباری کا امکان ہے، اس دوران ضلعی انتظامیہ کی جانب سے پیشگی اقدامات یقینی بنانے کی ہدایت کر دی گئی ہے۔

ذرائع نے بتایا ہے کہ خیبرپختونخوا کے اضلاع دیر، چترال، سوات، کوہستان، شانگلہ، مانسہرہ اور ایبٹ آباد سمیت بالائی اضلاع میں بارش و برفباری کا امکان ہے، جبکہ پشاور، مردان، چارسدہ، نوشہرہ، خیبر، کرم، بنوں، ڈی آئی خان سمیت کئی اضلاع میں بارش کا امکان ہے۔

پی ڈی ایم اے کی جانب سے جاری رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ پہاڑی علاقوں میں سڑکوں پر پھسلن کا خدشہ ہے، جبکہ بارش سے کمزور گھروں، بجلی کے کھمبوں، اشتہاری بورڈز اور سولر پینلز کو نقصان کا خطرہ بھی ہو سکتا ہے۔

ضلعی انتظامیہ کو بارشوں کے حوالے سے نکاسی آب کا مسئلہ حل کرنے اور صفائی اور عوام و سیاحوں کو بروقت آگاہی دینے کی ہدایت کی گئی ہے، جبکہ دوسری طرف کاشتکاروں اور مال مویشی رکھنے والے حضرات کو فصلیں اور جانور محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کی تاکید کی گئی ہے۔

اس حوالے سے متعلقہ اداروں کو ایمرجنسی سروسز اور ضروری اشیاء کی دستیابی یقینی بنانے کی ہدایت بھی کی گئی ہے، جبکہ عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ خراب موسم میں غیر ضروری سفر سے اجتناب برتیں۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US