پنجاب میں قانون سخت، مگر اہلکاروں کا رویہ مزید مہربان بنانے کے لیے وزیرِاعلیٰ مریم نواز شریف نے پیرا فورس کے حوالے سے اہم فیصلوں کی منظوری دے دی۔
وزیرِاعلیٰ مریم نواز شریف کی زیرِ صدارت خصوصی اجلاس میں پیرا فورس کی کارکردگی، نگرانی، شفافیت اور مستقبل کی اصلاحات پر مفصل بریفنگ دی گئی۔ اجلاس میں رشوت، بدسلوکی اور بلاجواز الزامات کو مکمل طور پر ناقابلِ برداشت قرار دیتے ہوئے واضح ہدایت جاری کی گئی کہ پنجاب میں عوامی خدمت کے اداروں میں بدسلوکی کی کوئی گنجائش نہیں۔
وزیرِاعلیٰ نے فورس کی شفافیت یقینی بنانے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اہلکاروں کو باڈی کیم فراہم کرنے کا حکم دے دیا۔ اب پیرا فورس کا ہر آپریشن، ہر کارروائی اور ہر گشت کیمرے کی آنکھ میں محفوظ ہوگا، جس سے نہ صرف بداعتمادی ختم ہو گی بلکہ عوام اور فورس دونوں کے تحفظ کو یقینی بنایا جا سکے گا۔
مریم نواز شریف نے کہا کہ قانون کا نفاذ ضرور ہو لیکن اہلکاروں کا رویہ ہر حال میں دوستانہ، باعزت اور عوام دوست ہونا چاہیے۔ اس مقصد کے لیے پیرا فورس کے لیے خصوصی ٹریننگ سیشنز شروع کرنے کے احکامات بھی جاری کیے گئے تاکہ فورس کو جدید اصولوں، بہتر کمیونیکیشن اور عوامی خدمت کے معیار سے ہم آہنگ کیا جا سکے۔
اجلاس میں پنجاب کے شہریوں کے لیے تیز، محفوظ اور ماحول دوست خدمات یقینی بنانے کے لیے پیرا فورس کو الیکٹرک وہیکلز فراہم کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔ وزیرِاعلیٰ نے ساتھ ہی سٹیٹ آف دی آرٹ پیرا ٹریننگ سنٹر کے قیام کی اصولی منظوری دیتے ہوئے کہا کہ جدید تربیت ہی مضبوط فورس کی بنیاد ہے۔
وزیرِاعلیٰ نے کہا کہ پیرا فورس اچھا کام کر رہی ہے، اور عوام میں نیک نامی حاصل کرنے کا واحد راستہ نتائج میں بہتری ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ عوام کی خدمت کرنے والے ہمیشہ تاریخ میں یاد رکھے جاتے ہیں۔