گورنر راج کل لگانا ہے تو آج ہی لگا دیں، وزیرِاعلیٰ خیبر پختونخوا

image

وزیرِ اعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے گورنر راج کے ممکنہ نفاذ کے حوالے سے انتہائی سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر مرکز نے گورنر راج لگانا ہے تو ”آج ہی لگا دیں“، وہ اس فیصلے کا بھرپور مقابلہ کریں گے۔

وزیرِ اعلیٰ سہیل آفریدی نے اپنے بیان میں کہا کہ گورنر راج کل لگانا ہے تو آج ہی لگا دیں، پھر میں فرنٹ فٹ پر کھیلوں گا۔ یہ صورتحال سنبھال نہیں پائیں گے۔ 78 سال میں پہلی مرتبہ ایک وزیر اعلیٰ قبائلی علاقے سے آیا ہے، پھر یہ قبائلیوں کا غصہ بھی دیکھیں گے۔

انہوں نے مزید الزام عائد کیا کہ حکومت 28 ویں آئینی ترمیم کی حمایت کے لیے لوگوں کو دباؤ اور دھمکیوں کا نشانہ بنا رہی ہے۔ وزیرِ اعلیٰ کا کہنا تھا کہ وہ ہر قسم کے دباؤ کا مقابلہ کرنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں۔

سہیل آفریدی نے وفاقی وزرا کی حالیہ پریس کانفرنس کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے اسے غیر انسانی، غیر اخلاقی اور غیر قانونی قرار دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ وفاقی وزراء کا طرزِ عمل نہ صرف عوامی جذبات کو بھڑکانے کا سبب بن رہا ہے بلکہ یہ رویہ جان بوجھ کر حالات کو خراب کرنے کے مترادف ہے۔

سہیل آفریدی کا کہنا تھا کہ حکومت کو سنجیدگی اور ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا چاہیے، جبکہ ایسی بیانات اور پریس کانفرنسز عوام میں اشتعال اور انتشار پیدا کرنے کا باعث بنتی ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت اس قسم کے غیر ذمہ دارانہ رویے کا نوٹس لے اور ملکی حالات کو مزید کشیدہ ہونے سے بچایا جائے۔

سیاسی ماحول میں بڑھتی کشیدگی کے بعد یہ بیان سیاسی حلقوں میں نئی بحث کا سبب بن گیا ہے، اور صوبے میں آئینی صورتحال سے متعلق سوالات دوبارہ اٹھنے لگے ہیں۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US