پاکستان ایکس سروس مین سوسائٹی کے زیرِ اہتمام چیف آف ڈیفنس فورسز (CDF) فیلڈ مارشل جنرل سید عاصم منیر کی تعیناتی پر اظہارِ مسرت کے طور پر مٹھائی تقسیم کی گئی۔
یہ تقریب پریس کلب راولپنڈی کے باہر منعقد ہوئی جس میں ایکس سروس مین سوسائٹی کے عہدیداران اور شہریوں نے بھرپور شرکت کی۔ شرکاء نے چیف آف ڈیفنس فورسز کے حق میں نعرے لگائے اور ان کی خدمات کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔
چیف کوآرڈینیٹر ایکس سروس مین سوسائٹی عزیز اعوان نے اپنے خطاب میں کہا کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر نے بھارتی حملے پر بروقت، بھرپور اور مؤثر ردعمل دے کر ثابت کیا کہ وہ ملکی سلامتی کے مضبوط ضامن ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سید عاصم منیر نے دنیا میں پاکستان کا نام بلند کیا اور قوم کا سر فخر سے اونچا کر دیا۔ عزت، سلامتی اور وقار کا دوسرا نام سید عاصم منیر ہے۔ جو لوگ پاکستان کے دشمن ہیں، ان کے خلاف ہماری جدوجہد جاری رہے گی۔ بیرون ملک بیٹھ کر ملک کے خلاف پروپیگنڈہ کرنے والوں کو واپس لاکر قانون کے کٹہرے میں کھڑا کیا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ آج پوری قوم خوشی منا رہی ہے اور وزیر اعظم و صدرِ پاکستان کے فیصلے کی تحسین کر رہی ہے۔
وائس پریذیڈنٹ ایکس سروس مین سوسائٹی میجر (ر) خضر خانزادہ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم حکومت، صدر اور وزیر اعظم کے شکر گزار ہیں کہ انہوں نے درست وقت پر درست فیصلہ کیا۔ اس ملک نے 75 سال سے ہمسایوں سے مار کھائی، مگر اس مرتبہ قوم کو عظیم فتح نصیب ہوئی۔ پاکستان نے ایک گھنٹے میں دنیا پر اپنی دھاک بٹھا دی۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی ترقی کے لیے ضروری ہے کہ موجودہ پالیسیوں کا تسلسل برقرار رکھا جائے۔
مزید برآں، انہوں نے اعلان کیا کہ ایکس سروس مین سوسائٹی آئندہ الیکشن میں وزیر اعظم کی جماعت کی مکمل حمایت کرے گی۔
میجر (ر) خضر خانزادہ نے مزید مطالبات پیش کیے کہ جرائم کے خاتمے کے لیے ہر فوجی کو گرفتاری کا اختیار دیا جائے۔ ملک کے قانونِ شہادت میں ترمیم کرتے ہوئے آڈیو، ویڈیو اور قرآن پر دو گواہوں کی شہادت کو قابلِ قبول قرار دیا جائے۔ ایسی شہادت ثابت ہونے پر ملزم کو نوکری سے فوری برطرف اور سیدھا جیل بھیجا جائے۔
تقریب میں شریک افراد نے نعرے لگا کر فیلڈ مارشل جنرل سید عاصم منیر سے اپنی مکمل وابستگی اور حمایت کا اظہار کیا۔ شرکاء کا کہنا تھا کہ ہمارا جینا مرنا سی ڈی ایف سید عاصم منیر کے ساتھ ہے۔
ایکس سروس مین سوسائٹی کے مطابق فیلڈ مارشل نے ثابت کیا کہ وہ قوم اور ملک کی حقیقی حفاظت کرنا جانتے ہیں اور آج پوری قوم ان کی قیادت پر اعتماد کا اظہار کر رہی ہے۔