وزیراعظم شہباز شریف نے موسمِ سرما کے دوران گھریلو صارفین کو صبح 5 بجے سے رات 10 بجے تک بلا تعطل گیس کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت جاری کر دی۔
قومی اسمبلی میں اظہارِ خیال کرتے ہوئے وفاقی وزیر برائے پیٹرولیم علی پرویز ملک نے بتایا کہ وزیراعظم نے گیس کی مسلسل فراہمی کے حوالے سے واضح ہدایات دی ہیں تاکہ سردیوں میں عوام کو مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
علی پرویز ملک کا کہنا تھا کہ اس سال پچھلے سال کے مقابلے میں گیس لوڈ شیڈنگ میں نمایاں کمی آئی ہے۔ جہاں کہیں گیس پریشر کا مسئلہ ہو، متعلقہ حلقے نشاندہی کریں ہم فوری کارروائی کریں گے۔
وفاقی وزیر نے بتایا کہ صرف نومبر میں 80 سے 90 ہزار شکایات موصول ہوئیں، جن میں 70 سے 80 فیصد شکایات اوگرا کے دائرہ کار سے متعلق تھیں۔ تمام شکایات کو 36 گھنٹوں کے اندر حل کردیا گیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ حکومت گھریلو صارفین کو سہولت دینے کیلئے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے تاکہ موسمِ سرما میں گیس کی فراہمی مستحکم رہے۔