امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے خبردار کیا ہے کہ وہ بھارت سے زرعی درآمدات، خاص طور پر چاول، پر سخت نئے ٹیرف عائد کر سکتے ہیں۔
وائٹ ہاؤس میں کسانوں کے لیے کثیر ارب ڈالر کے امدادی منصوبے کے اعلان کے دوران صدر ٹرمپ نے بھارت اور کینیڈا کے ساتھ جاری تجارتی مذاکرات پر سخت ناراضی کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی چاولوں کی درآمدات امریکی کسانوں کے لیے نقصان دہ ہیں اور ضرورت پڑنے پر فوری کارروائی کی جائے گی۔
ٹرمپ نے واضح کیا کہ امریکی مارکیٹ میں بھارتی کمپنیوں کی سرگرمیوں اور چاول کی ڈمپنگ کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ امریکی کسانوں کو مضبوط بنانے کے لیے ٹیرف ایک مؤثر ہتھیار کے طور پر استعمال کیا جائے گا اور 12 ارب ڈالر کی نئی امداد فراہم کی جائے گی جو دوسرے ممالک پر لگائے گئے ٹیرف سے حاصل ہونے والی آمدنی سے پوری کی جائے گی۔
صدر ٹرمپ نے کینیڈا سے آنے والی کھاد پر بھی ممکنہ ٹیرف کا عندیہ دیا اور کہا کہ اگر حالات جاری رہے تو سخت ٹیرف عائد کرنے میں کوئی ہچکچاہٹ نہیں ہوگی۔