برطانیہ کی عدالت نے یوٹیوبر عادل راجہ کو بریگیڈیئر ریٹائرڈ راشد نصیر کے خلاف عوامی سطح پر معافی مانگنے کا حکم دے دیا ہے۔ جج نے فیصلہ سناتے ہوئے کہا کہ یہ معافی 28 دن تک عادل راجہ کے ایکس، فیس بک، یوٹیوب اور ان کی ویب سائٹ پر جاری رہے گی۔
عدالت نے عادل راجہ کو ہرجانہ اور عدالتی اخراجات کی مد میں مجموعی طور پر 3 لاکھ 10 ہزار پاؤنڈ ادا کرنے کا حکم دیا جس میں 50 ہزار پاؤنڈ ہرجانہ اور 2 لاکھ 60 ہزار پاؤنڈ عدالتی اخراجات شامل ہیں جبکہ اضافی عدالتی اخراجات بعد میں ادا کیے جائیں گے۔
ہائی کورٹ کے جج رچرڈ اسپئیر مین نے سماعت کے دوران فیصلہ سنایا اور عادل راجہ کی اپیل کو بھی مسترد کردیا۔ جج نے مزید حکم دیا کہ عادل راجہ آئندہ کسی بھی ہتک آمیز بیان سے باز رہیں۔
واضح رہے کہ عادل راجہ نے رواں برس اکتوبر میں ہتک عزت کے مقدمے میں شکست کھائی تھی اور اب ان کے وکیل نے اس فیصلے کے خلاف کورٹ آف اپیل میں جانے کا عندیہ دیا ہے۔