بھوک، قرض اور بے بسی… بھارت میں ماں، نانی اور معصوم بچہ زندگی ہار گئے

image

بھارتی ریاست کرناٹک کے شہر بنگلورو میں ماں، نانی اور 14 سالہ بچے کی لاشیں برآمد ہوئی ہیں پولیس کے مطابق تینوں کی موت زہر کھانے کے نتیجے میں ہوئی۔

تفصیلات کے مطابق واقعہ بنگلورو کے تاوری کیرے علاقے میں پیش آیا جہاں 14 سالہ مونیش، اس کی 38 سالہ والدہ سدھا اور 68 سالہ نانی مداما مردہ حالت میں پائے گئے۔ شبہ ہے کہ دونوں خواتین نے پہلے بچے کو زہر دیا اور پھر خود بھی زہر کھا کر جان دے دی۔

پولیس کے مطابق ابتدائی تحقیقات سے معلوم ہوا ہے کہ خاندان شدید مالی مشکلات اور قرض کے بوجھ کا شکار تھا جس کے باعث انہوں نے یہ انتہائی قدم اٹھایا۔

سدھا اور مداما پہلے ایک چھوٹا ہوٹل چلاتی تھیں جہاں بریانی فروخت کرتی تھیں تاہم نقصان کے بعد انہوں نے چپس اور دودھ فروخت کیا اور پھر گھریلو ملازمتوں کا سہارا لیا لیکن ان کے معاشی حالات مسلسل خراب ہوتے گئے۔

رپورٹ کے مطابق 14 سالہ مونیش کرسٹ اسکول میں ساتویں جماعت کا طالبعلم تھا جبکہ سدھا کئی سال قبل اپنے شوہر سے علیحدہ ہو کر بیٹے سمیت والدہ کے ساتھ رہ رہی تھیں۔

پڑوسیوں نے گھر میں بے ہوش افراد دیکھ کر پولیس کو اطلاع دی جس کے بعد پولیس نے موقع پر پہنچ کر تحقیقات شروع کردی ہیں۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US