شکارپور منچھر شاہ قبرستان میں پولیس کے ہاتھوں مارے جانے والے صابر شیخ کے اہل خانہ نے پریس کلب پر احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے پولیس پر قتل کا الزام لگایا اور مقابلے کے جعلی ہونے کا انکشاف بھی کردیا۔
احتجاجی مظاہرے میں شریک خواتین نے گزشتہ روز پولیس مقابلے میں مارے جانے والے صابر شیخ کو جعلی پولیس مقابلے میں مارنے کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ صابر شیخ کسی بھی پولیس مقابلے میں نہیں مارا گیا، اسے جعلی مقابلے میں قتل کیا گیا ہے۔
مظاہرین کا کہنا تھا کہ صابر شیخ موٹر سائیکل میں پٹرول بھرانے کے لیے پمپ پر آیا تھا، پولیس نے اسے پکڑ کر قتل کردیا۔ انھوں نے مزید کہا کہ پولیس ہمارے بھائی کی لاش بھی نہیں دے رہی اور معاملہ دبانے کے لیے دباؤ ڈالا جارہا ہے۔
مظاہرین نے اعلیٰ حکام سے واقعہ کی شفاف تحقیقات اور انصاف فراہمی کا مطالبہ کیا ہے۔