انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے اگلے سال فروری-مارچ میں ہونے والے ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ میں پاکستان اور بھارت کے میچ کے لیے ٹکٹ کی قیمتیں انتہائی سستی رکھی ہیں۔ دونوں ٹیمیں 15 فروری کو کولمبو کے اسٹیڈیم میں آمنے سامنے ہوں گی اور سب سے کم قیمت ٹکٹ صرف 1300 پاکستانی روپے رکھی گئی ہے۔
اس سے قبل پاکستان اور بھارت کے آئی سی سی یا ایشیا کپ میچز کے ٹکٹ ہزاروں ڈالروں میں بکے ہیں، لیکن اس دفعہ آئی سی سی نے زیادہ سے زیادہ لوگوں کو سٹیڈیم میں لانے کے لیے قیمتیں کم رکھی ہیں۔ بھارت میں سب سے کم قیمت ٹکٹ کچھ میچز میں 100 روپے ہے جبکہ سری لنکا میں کچھ میچز کے لیے سب سے کم قیمت ٹکٹ ہزار سری لنکن روپیز میں دستیاب ہوگی۔
آئی سی سی نے جمعرات سے آن لائن ٹکٹس کی فروخت شروع کر دی ہے اور تقریباً دو ملین ٹکٹس بیچے جائیں گے۔ کچھ کرکٹ ماہرین نے سوال کیا کہ آیا لوگوں کی پاکستان-بھارت میچز میں دلچسپی کم ہو گئی ہے جس کی وجہ سے ٹکٹیں سستی رکھی گئی ہیں، لیکن آئی سی سی کے ایک رکن نے کہا کہ ایسا نہیں ہے۔ اصل وجہ یہ ہے کہ زیادہ لوگ میچز ٹی وی یا سٹریمنگ پلیٹ فارمز پر دیکھتے ہیں اور سٹیڈیمز میں کم آتے ہیں جس کی بنیاد پر اس ورلڈ کپ کے ٹکٹ کم قیمت پر رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔