35 ویں نیشنل گیمز میں خیبر پختونخوا کے کھلاڑیوں نے مختلف مقابلوں میں مزید تمغے جیت کر صوبے کے میڈلز کی مجموعی تعداد 48 تک پہنچا دی ہے، جن میں 5 طلائی، 10 چاندی اور 33 کانسی کے تمغے شامل ہیں۔
گزشتہ روز خواتین اسکواش ایونٹس میں خیبر پختونخوا نے دو سلور اور ایک براؤنز میڈل اپنے نام کیے۔ جہانگیر خان اسکواش اکیڈمی میں ہونے والے انفرادی فائنل میں آرمی کی زینب خان نے خیبر پختونخوا کی ماہ نور علی کو 1-3 سے شکست دے کر گولڈ میڈل جیتا جبکہ ماہ نور علی نے سلور میڈل حاصل کیا، ٹیم ایونٹ میں بھی آرمی نے گولڈ، خیبر پختونخوا نے سلور جبکہ بلوچستان اور پنجاب نے براؤنز میڈلز اپنے نام کیے۔
ویٹ لفٹنگ کے 71 کلوگرام کیٹگری میں خیبر پختونخوا کے قاسم تسنیم نے کانسی کا تمغہ حاصل کیا۔ بیڈمنٹن کے مردوں کے انفرادی مقابلوں میں بھی صوبے نے ایک برانز میڈل اپنے حصے میں ڈالا جس سے گزشتہ روز کے اختتام پر میڈلز کی مجموعی تعداد 48 تک پہنچی۔