پاکستان کرکٹ بورڈ نے فیصلہ کیا ہے کہ اگلے ماہ آسٹریلیا کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز کے تینوں میچز لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں منعقد کیے جائیں۔ سیریز کے مجوزہ مقام اور سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے آسٹریلیا کا ایک اہم وفد لاہور پہنچ گیا ہے۔
وفد میں کرکٹ آسٹریلیا کے نمائندے اور سیکیورٹی ایڈوائزر شامل ہیں، جو لاہور میں قذافی اسٹیڈیم، ایل سی سی اے گراؤنڈ اور ٹیم کے لیے مختص ہوٹل کا تفصیلی دورہ کریں گے۔ وفد پی سی بی حکام اور متعلقہ سرکاری اداروں سے ملاقاتیں بھی کر رہا ہے تاکہ دورے کے دوران ٹیم کی حفاظت اور انتظامات کا باریک بینی سے جائزہ لیا جا سکے۔
آسٹریلیا اور پاکستان کے درمیان تین ٹی ٹوئنٹی میچز 30 جنوری سے فروری کے آغاز تک شیڈول ہیں۔ سیریز کے اختتام پر دونوں ٹیمیں آئی سی سی ورلڈ کپ کے لیے بھارت اور سری لنکا روانہ ہوں گی۔
اس سے قبل آسٹریلیا کے ڈپٹی ہائی کمشنر بھی پی سی بی چیئرمین محسن نقوی سے ملاقات کر کے دورے کی تیاریوں پر بریفنگ لے چکے ہیں۔