پنجاب کے میدانی علاقوں میں شدید دھند کا راج برقرار ہے جس کے باعث مختلف موٹر ویز اور شاہراہوں پر ٹریفک متاثر ہو رہی ہے۔ موٹر وے پولیس کے مطابق ایم ٹو لاہور سے کوٹ مومن تک جبکہ ایم الیون کو بھی ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق موٹر وے ایم فور پر گوجرہ سے عبدالحکیم اور پنڈی بھٹیاں سے ملتان تک گاڑیوں کا داخلہ ممنوع ہے۔ اسی طرح موٹر وے ایم تھری فیض پور سے درخانہ اور موٹر وے ایم فائیو ملتان سے ظاہر پیر تک بند کر دی گئی ہے۔
دوسری جانب قومی شاہراہ بھی مختلف سیکشنز پر شدید دھند کی لپیٹ میں ہے جس کے باعث حدِ نگاہ انتہائی کم ہو چکی ہے۔ حکام نے شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔
ادھر پنجاب کے کئی شہر فضائی آلودگی کی شدید لپیٹ میں ہیں، جہاں صورتحال تشویشناک ہوتی جا رہی ہے۔ بہاولپور میں آلودگی سنگین شکل اختیار کر گئی ہے اور ایئر کوالٹی انڈیکس 687 تک جا پہنچا ہے، جو صحت کے لیے انتہائی خطرناک قرار دیا جا رہا ہے۔