دہشت گرد اکاؤنٹس: سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کو قوانین پر عملدرآمد کا الٹی میٹم

image

حکومتِ پاکستان نے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کو قوانین کی پابندی یقینی بنانے کیلیے الٹی میٹم جاری کردیا ہے۔ وزیرِ مملکت طلال چوہدری نے خبردار کیا ہے کہ اگر دہشت گرد تنظیموں سے منسلک اکاؤنٹس بند نہ کیے گئے تو قانونی کارروائی کی جائے گی۔

واشنگٹن پوسٹ کی رپورٹ کے مطابق طلال چوہدری نے اس حوالے سے دستاویزی شواہد پیش کیے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ فتنہ الہندوستان اور فتنہ الخوارج دہشت گردی میں ملوث ہیں اور اکثر حملوں کی ذمہ داری بھی یہی تنظیمیں قبول کرتی ہیں۔ رپورٹ کے مطابق فتنہ الخوارج کے متعدد رہنما افغانستان میں پناہ لیے ہوئے ہیں۔

وزیرِ مملکت کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں کے اکاؤنٹس افغانستان، بھارت سمیت مختلف ممالک سے چلائے جا رہے ہیں، جن کے ذریعے کالعدم عسکری تنظیموں کی معاونت کی جاتی ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ شدت پسندوں کو افغانستان اور بھارت سے حمایت حاصل ہے۔

طلال چوہدری نے مزید کہا کہ پاکستان دہشت گردوں اور دنیا کے درمیان ایک مضبوط دیوار کی حیثیت رکھتا ہے، تاہم سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس کی جانب سے دہشت گرد اکاؤنٹس کے خلاف محدود تعاون مل رہا ہے۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ بہتر رابطہ کاری کیلیے سوشل میڈیا کمپنیاں پاکستان میں اپنے دفاتر قائم کریں۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US