اچکزئی کو مذاکرات کا اختیار دینا عمران کا پی ٹی آئی پر عدم اعتماد کا اظہار ہے، اختیار ولی

image

وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر برائے خیبر پختونخوا اختیار ولی خان نے کہا ہے کہ محمود اچکزئی کو بات چیت کا اختیار دینا بانی پی ٹی آئی عمران خان کا اپنی ہی جماعت پر عدم اعتماد ظاہر کرتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ جب بانی پی ٹی آئی کا مقصد پورا ہوجائے گا تو وہ ممکن ہے محمود اچکزئی کو ہری جھنڈی دکھا کر خود پیچھے ہٹ جائیں، کیونکہ عمران خان لوگوں کو استعمال کرکے بعد میں نظر انداز کر دیتے ہیں۔

اختیار ولی خان کے مطابق قومی اتحاد اور ہم آہنگی کے لیے حکومت محمود اچکزئی سمیت کوٹ لکھپت جیل میں قید افراد سے بھی بات چیت کے لیے تیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کا مؤقف واضح ہے کہ قومی یکجہتی کے لیے کسی سے بھی مذاکرات ہوسکتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ماضی میں اپوزیشن لیڈر کی حیثیت سے بھی شہباز شریف نے میثاقِ معیشت کی پیشکش کی تھی۔ اختیار ولی خان کا کہنا تھا کہ اگر اپوزیشن کا لہجہ مثبت اور سنجیدہ ہوگا تو مذاکرات انہیں بہت کچھ دے سکتے ہیں، تاہم غیر سنجیدہ اور نامناسب زبان استعمال کرنے سے بات آگے نہیں بڑھے گی۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US