عمران فاروق کی اہلیہ شمائلہ فاروق کی تدفین کل کراچی میں ہوگی

image

ڈاکٹر عمران فاروق کی اہلیہ شمائلہ فاروق کی میت کل صبح کراچی پہنچے گی اور ان کی تدفین سوسائٹی قبرستان میں والد کے پہلو میں کی جائے گی۔ مرحومہ کے دونوں بچے کراچی پہنچ چکے ہیں۔

استنبول ایئر پورٹ پر ٹیکنیکل مسئلے کے باعث میت کی آمد میں تاخیر ہوئی۔ شمائلہ فاروق کی نماز جنازہ 27 دسمبر بروز ہفتہ رحمانیہ مسجد طارق روڈ کراچی میں بعد از نماز ظہر ادا کی جائے گی۔

شمائلہ فاروق طویل علالت کے بعد 19 دسمبر کو لندن کے اسپتال میں کینسر کے مرض میں انتقال کر گئی تھیں۔ ان کی تدفین کے انتظامات ایم کیو ایم پاکستان نے کیے ہیں اور ایئرپورٹ پر ایم کیو ایم کے سینئر رہنما ڈاکٹر فاروق ستار، افتخار عالم، دیگر رہنما اور اہلِ خانہ موجود تھے۔

شمائلہ عمران فاروق 2002 میں ایم کیو ایم کے ٹکٹ پر سندھ اسمبلی کی رکن منتخب ہوئی تھیں اور 2004 میں ڈاکٹر عمران فاروق سے شادی کی تھی۔

دوسری جانب متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کی مرکزی کمیٹی کے سینئر رکن ڈاکٹر فاروق ستار نے ڈاکٹر عمران فاروق کے دونوں صاحبزادوں عالیشان فاروق اور وجدان فاروق کا کراچی پہنچنے پر استقبال کیا اور والدہ کے انتقال پر شدید رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے انہیں صبر کی تلقین کی۔

اس موقع پر کراچی ایئر پورٹ پر ڈاکٹر فاروق ستار کے ہمراہ ایم کیو ایم سینٹرل آرگنائزنگ اینڈ کوآرڈینیشن کمیٹی کے اراکین شکیل احمد، ارشاد ظفیر، کامران فاروقی، سینٹرل آرگنائزنگ کمیٹی کے جوائنٹ انچارج و اراکین، پارلیمانی لیڈر برائے سندھ اسمبلی افتخار احمد، رکن قومی اسمبلی ارشد وہرا، وسیم حسین و حق پرست اراکین سندھ اسمبلی سمیت ایم کیو ایم کے سینئر کارکنان اور عزیز و اقارب کراچی ایئر پورٹ پر موجود تھے۔

بعدازاں شہید انقلاب ڈاکٹر عمران فاروق کے صاحبزادوں عالیشان فاروق اور وجدان فاروق کو انکی والدہ کے گھر لے جایا گیا، جہاں ڈاکٹر عمران فاروق کے صاحبزادوں سے ایم کیو ایم کے رہنماؤں نے شمائلہ عمران فاروق کے انتقال پر تعزیت کی اور ان کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کیا۔

واضح رہے کہ ڈاکٹر عمران فاروق کے صاحبزادے لندن سے کراچی اپنی والدہ کی جسد خاکی کے ہمراہ روانہ ہوئے تھے لیکن ایئر لائن کے مسائل کی بنیاد پر ان کا جسد خاکی ان کے ہمراہ نہیں پہنچ سکا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US