پاکستان نے بھارت میں اقلیتوں بالخصوص مسلمانوں اور مسیحی برادری کے ساتھ روا رکھے گئے سلوک پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔ دفتر خارجہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ کرسمس کے موقع پر توڑ پھوڑ اور اقلیتوں کو نشانہ بنانے کے حالیہ واقعات انتہائی قابلِ مذمت ہیں۔
ترجمان دفتر خارجہ طاہر اندرابی کا کہنا تھا کہ بھارت میں ریاستی سرپرستی میں مسلمانوں کے خلاف منظم مہمات جاری ہیں، جہاں گھروں کی مسماری، تشدد اور ہراسانی معمول بنتی جا رہی ہے۔ انہوں نے محمد اخلاق کیس کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ یہ واقعہ اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ بھارتی ریاست نے مجرموں کو تحفظ فراہم کیا۔
ترجمان کے مطابق ایسے واقعات نے بھارتی مسلمانوں میں خوف و ہراس میں مزید اضافہ کیا ہے۔ پاکستان نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ بھارت میں اقلیتوں کے ساتھ ہونے والی زیادتیوں کا سنجیدگی سے نوٹس لے اور وہاں اقلیتوں کے بنیادی انسانی حقوق کے تحفظ کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔