خیبر پختونخوا ریونیو اتھارٹی (کیپرا) نے مالی سال 2025-26 کے پہلے چھ ماہ (جولائی تا دسمبر) کے دوران سیلز ٹیکس آن سروسز کی مد میں 30 فیصد اضافے کے ساتھ 23.26 ارب روپے کے محاصل اکھٹے کرلیے، جبکہ گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے میں یہ وصولیاں 17.92 ارب روپے تھیں۔
کیپرا کے میڈیا ونگ کی جانب سے جمعرات کو جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق، سیلز ٹیکس آن سروسز کی مد میں 5.34 ارب روپے کا نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جو صوبے بھر میں سروسز کے شعبے میں ٹیکس نیٹ کی توسیع اور بہتر حکمت عملی کا نتیجہ ہے۔
اتھارٹی نے رواں مالی سال کے پہلے چھ ماہ کے دوران مجموعی طور پر 26.62 ارب روپے کے محاصل اکٹھے کیے ہیں۔ جن میں 23.26 ارب روپے سیلز ٹیکس آن سروسز جبکہ 3.36 ارب روپے انفراسٹرکچر ڈیولپمنٹ سیس (IDC) کی مد میں وصول کیے گئے ہیں۔ گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے میں کیپرا کے مجموعی محاصل 23.81 ارب روپے تھے، جن میں سیلز ٹیکس آن سروسز سے 17.92 ارب اور آئی ڈی سی سے 5.89 ارب روپے شامل تھے۔
ڈائریکٹر جنرل کیپرا فوزیہ اقبال نے ادارے کے افسران اور عملے کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ سیلز ٹیکس آن سروسز میں نمایاں اضافہ مؤثر منصوبہ بندی، انفورسمنٹ اور کیپرا کے افسران کی انتھک محنت کا نتیجہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ سیلز ٹیکس آن سروسز میں اضافہ کیپرا ٹیم کی حکمت عملی، محنت اور پیشہ ورانہ کارکردگی کی عکاسی کرتا ہے۔ اسی جذبے اور منظم حکمت عملی کے ساتھ کیپرا رواں مالی سال کے اہداف حاصل کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے۔
ڈائریکٹر جنرل نے ٹیکس دہندگان کا بھی شکریہ ادا کیا جن کے اعتماد، تعاون اور شراکت داری نے کیپرا کی کامیابیوں میں اہم کردار ادا کیا۔ انہوں نے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمد سہیل آفریدی اور وزیراعلیٰ کے مشیر برائے خزانہ مزمل اسلم کی رہنمائی اور تعاون کو بھی سراہا اور کہا کہ ان کی قیادت کیپرا میں اصلاحات کے نفاذ اور محصولات میں اضافے کے لیے کلیدی ثابت ہوئی ہے۔