تحریر: مشعال ضرار
زراعت خاموشی سے کام کرنے والا ایک ایسا شعبہ ہے جو اربوں انسانوں کی زندگی کو قائم رکھتا ہے۔ یہی شعبہ جدّت کو آگے بڑھاتا ہے اور معاشی استحکام کی بنیاد فراہم کرتا ہے۔ پاکستان میں بھی زراعت لاکھوں خاندانوں کا سہارا ہے اور ملکی ترقّی میں ایک اہم کردار ادا کرتی ہے۔ تاہم، اپنی اس اہمیت کے باوجود پاکستان کے چھوٹے کسان طویل عرصے سے بارعایت اور آسان زرعی قرضوں کے حصول میں مشکلات کا شکار رہے ہیں۔ آج بھی بہت سے کسان پیچیدہ اور نہ ختم ہونے والی کاغذی کارروائی، ضمانت کی کمی، کم مالی آگاہی اور منظوری کے سست عمل کے باعث قرضوں اور کم پیداوار کے بوجھ تلے دبے ہوئے ہیں۔
اسی لیے اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے زرخیزی- آسان ڈیجیٹل زرعی قرضہ متعارف کروایا ہے، جو ایک ڈیجیٹل فنانسنگ اقدام ہے اور اس کا مقصد چھوٹے کسانوں کے لیے زرعی قرضوں کو آسان، تیز اور قابلِ رسائی بنانا ہے۔
زرخیزی کیا ہے؟
زرخیزی ایک ڈیجیٹل زرعی قرضہ پروگرام ہے جس کے لیے کسی قسم کی ضمانت درکار نہیں ہوتی۔ یہ چھوٹے زمینداروں اور مزارع کسانوں کو بغیر زمین یا دیگر اثاثے گروی رکھے موبائل ایپ یا آن لائن پورٹل کے ذریعے براہِ راست قرض حاصل کرنے میں مدد دیتا ہے ۔
یہ قرضے صرف ضروری زرعی اشیایعنی بیج، کھاد، زرعی ادویات، آلات اور ڈیزل کے لیے دستیاب ہیں اوریہ یقینی بنایا جاتا ہے کہ رقم براہِ راست پائیدار زرعی ترقّی اور کھیت کی پیداواربڑھانے میں معاون ہو۔
زرخیزی کی اہمیت
برسوں تک بہت سے چھوٹے کسان بینکاری نظام سے باہر رہے ہیں کیونکہ وہ ضمانت کے طور پر اثاثے فراہم کرنے کے قابل نہیں تھے۔ زرخیزی اس رکاوٹ کو مکمل طور پر ختم کرتی ہے۔ ڈیجیٹل رسائی، حکومتی سرپرستی میں رِسک کوریج، اور کسانوں کی ضروریات کے حساب سے ترتیب دی گئیں قرض کی شرائط پر مبنی یہ پروگرام اُس شعبے کو مالی شمولیت فراہم کرتا ہے جسے اِس کی سب سے زیادہ ضرورت ہے۔
قرض کی فراہمی کے علاوہ، زرخیزی کسانوں کو اپنی فصلوں میں سرمایہ کاری کا اعتماد بھی دیتی ہے، پیداوار بڑھانے میں مدد کرتی ہے اور ایک زیادہ مستحکم آمدن کا ذریعہ بنتی ہے۔
زرخیزی کو منفرد بنانے والی خصوصیات
زرخیزی پاکستان میں زراعت کے شعبے میں ایک بڑی تبدیلی کی نمائندگی کرتی ہے۔ اسے منفرد بنانے والی خصوصیات درج ذیل ہیں:
بغیر ضمانت قرضہ
کسانوں کو اپنے ذاتی سامان یا زمین کو ضمانت یا گروی رکھوائے بغیر قرض فراہم کیے جاتے ہیں۔ ان چھوٹے کسانوں کے لیے یہ ایک انقلابی قدم ہے جنھیں ماضی میں بینک سے زرعی قرضہ حاصل کرنے میں مشکلات کا سامنا رہاہے۔
گھر بیٹھے درخواست دینے کی سہولت
زرخیزی کا پورا عمل ڈیجیٹل ہے۔ خاص طور پر دور دراز علاقوں کے کسان اسمارٹ فون کے ذریعے درخواست دے سکتے ہیں جس سے کاغذی کارروائی، سفری اخراجات اور تاخیر میں کمی آتی ہے۔
ضروری زرعی اشیاکے لیے قرض
قرضے خاص طور پر زرعی ضروریات کے لیے فراہم کیے جارہے ہیں، جن میں شامل ہیں:
• بیج
• کھاد
• زرعی ادویات
• زرعی آلات
• ڈیزل
یہ تخصیص اِس بات کو یقینی بناتی ہے کہ قرض کو فصل کی پیداوار بہتر بنانے کے لیے مؤثر طور پر استعمال کیا جائے۔
باسہولت قرض کی رقم
• زمیندار:فی ایکڑ/- 100,000 روپے تک، زیادہ سے زیادہ حد 10 لاکھ روپے
• مزارع کسان: فی ایکڑ 100,000/- روپے تک، زیادہ سے زیادہ حد 5 لاکھ روپے
قرض کی رقم کھیت کے سائز کے مطابق مقر ّر کی جاتی ہے تاکہ کسان صحیح معنوں میں زرعی اخراجات پورے کر سکیں۔
انشورنس کا تحفّظ
• لائف انشورنس: قرض کی رقم کا تحفّظ تاکہ کسی غیر متوقع صورتِ حال میں کسان کے خاندان کو سہارا مل سکے۔
• فصل انشورنس: حکومت کی سرپرستی میں لازمی انشورنس جو پانچ بڑی فصلوںکے لیے ہے اور موسم، کیڑوں یا قدرتی آفات سے ہونے والے نقصانات سے تحفّظ فراہم کرتی ہے۔
زرعی مشاورتی خدمات
LIMS جیسے زرعی رہنمائی و خدمات فراہم کرنے والے کسانوں کو بہترین زرعی طریقوں سے متعلق مشورے دیتے ہیں جس سے وہ قرض کو بہتر طور پراستعمال اور پیداوار میں اضافہ کر سکتے ہیں۔
قرض کی بارعایت اورآسان واپسی
12 ماہ تک کی مد ّتِ ادائیگی والے قرضے مسابقتی مارکیٹ ریٹس پر دستیاب ہیں۔ کسانوں کو بغیر کسی جرمانے کے قبل اَز وقت ادائیگی کی سہولت بھی حاصل ہے جس سے وہ فصل کی کٹائی کے حساب سے ادائیگی کرسکتے ہیں۔
کون درخواست دے سکتا ہے؟
زرخیزی پاکستان بھر کے محنت کش کسانوں کو بااختیار بنانے کے لیے بنائی گئی ہے۔ درخواست دینے کے لیے لازم ہے کہ کسان:
• پاکستان کا رہائشی ہو
• 21 سے 60 سال عمرکے درمیان ہو
• منظور شدہ رقبہ حدود کے اندر زرعی زمین کا مالک یا کاشتکار ہو
• درست قومی شناختی کارڈکا حامل ہو اورموبائل سِم اُس کے اپنے نام پر رجسٹرڈ ہو
اہلیت کی تصدیق کے بعد درخواستیں مکمل طور پر ڈیجیٹل طریقے سے جمع کروائی جا سکتی ہیں جس سے تیز منظوری اور قرض کا فوری حصول ممکن ہوجاتا ہے۔
حکومتی سرپرستی میں تحفّظ
زرخیزی کو حکومت ِ پاکستان کی رِسک کوریج اسکیم کے تحت معاونت حاصل ہے جس سے بینکس کو قرض فراہم کرنے کا اعتماد اور کسانوں کو تحفّظ کا یقین ملتا ہے۔ تاہم، اگر ادائیگی میں غیر متوقع مشکلات پیش آئیں تو حکومتی رِسک کوریج بینکس کو نقصانات سے محفوظ رکھتی ہے اور اِس بات کو یقینی بناتی ہے کہ کسان قرضوں تک رسائی برقرار رکھ سکیں۔
واضح،بارعایت اور شفّاف
زرخیزی کی درخواست کا عمل سادہ اور شفّاف ہے جس میں صرف 1,200/- روپے کی ایک بار کی پروسیسنگ فیس ہے۔ اس فیس میں نادرا، LIMS اور PMD کے ذریعے محفوظ ڈیجیٹل تصدیق شامل ہے۔ کوئی خفیہ چارجز نہیں ہیں ، اس لیے کسان پورے اعتماد کے ساتھ درخواست دے سکتے ہیں۔
پاکستان کے زرعی مستقبل کی ترقّی
زرخیزی آسان ڈیجیٹل زرعی قرضہ محض ایک قرض نہیں بلکہ کسانوں کا مالی نظم و نسق بہتر بنانے اور پاکستان میں زراعت کے فروغ کی جانب ایک قدم ہے۔ یہ ایپ کسانوں کے لیے مالی یا آگاہی مدد حاصل کرنا آسان بناتی ہے۔ سب سے اہم بات یہ ہے کہ زرخیزی کسانوں کو ایسے مشورے اور شرائط فراہم کرتی ہے جنھیں سمجھنا اُن کے لیے آسان ہو جس سے پورا عمل ہموار اور فائدہ مند بن جاتا ہے۔
کسان زرخیزی سے صرف زرعی قرض ہی حاصل نہیں کرتے بلکہ تحفّظ، رہنمائی اور اعتماد بھی حاصل کرتے ہیں تاکہ وہ زیادہ پیداوار کریں، بہتر کمائی کریں، اور ایک مضبوط اور خوشحال مستقبل تعمیر کر سکیں۔