لیاری کے علاقے سعید محمود شاہ روڈ پر واقع کھلا نالہ علاقہ مکینوں کے لیے موت کا جال بن چکا ہے۔
آئے دن نالے میں گر کر معصوم بچے جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھتے ہیں۔ مقامی ذرائع کے مطابق اب تک تین سے چار بچے اسی نالے میں گر کر جاں بحق ہوچکے ہیں، تاہم متعلقہ اداروں کی جانب سے تاحال کوئی مؤثر اقدامات نہیں کیے گئے۔
علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ نالے کے اطراف نہ تو حفاظتی دیوار تعمیر کی گئی ہے اور نہ ہی کوئی وارننگ سائن آویزاں ہے، جس کے باعث خاص طور پر بچے اس کا آسانی سے شکار ہوجاتے ہیں۔
افسوسناک امر یہ ہے کہ قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع کے باوجود بلدیاتی انتظامیہ خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے۔
شہریوں نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر نالے کے اطراف مضبوط حفاظتی دیوار تعمیر کی جائے تاکہ مزید معصوم جانوں کو بچایا جا سکے، بصورت دیگر کسی بڑے سانحے کا خدشہ برقرار رہے گا۔