ماہرین فلکیات کے مطابق 2026 کا پہلا سپر مون کا نظارہ 3 جنوری کی شب کیا جاسکے گا۔
اس موقع پر چاند معمول سے 14 فیصد بڑا اور 30 فیصد زیادہ روشن نظر آئے گا۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ مکمل چاند سورج غروب ہونے کے فوراً بعد آسمان پر دیکھا جا سکے گا، اس موقع پر چاند زمین کے قریب ترین مقام پر ہوگا، جس کے باعث چاند زیادہ بڑا اور زیادہ روشن دکھائی دے گا۔ جنوری کے اس سپر مون کو وولف مون اور ہارڈ مون بھی کہا جاتا ہے۔
3 جنوری کا سپر مون اُس جاری سلسلے کا آخری سپر مون ہے جس کا آغاز اکتوبر 2025 میں ہوا تھا۔ تاہم، یہ بیک وقت سال 2026 کا پہلا سپر مون بھی ہے۔ 3 جنوری کا یہ سپر مون سال کے فلکیاتی مظاہر میں ایک ابتدائی نمایاں واقعہ ہے، کیونکہ اسی دوران کواڈرینٹڈ شہابی بارش اپنی انتہا پر ہوتی ہے، جو اس کی فلکیاتی اہمیت کو مزید بڑھا دیتی ہے۔
پاکستان میں یہ سپر مون 3 جنوری کی شام 17:51 (پی ایس ٹی) پر طلوع ہوگا، اس وقت چاند کی روشنی 99.8 فیصد ہوگی، اور یہ 3 اور 4 جنوری کی راتوں کے دوران نمایاں طور پر دیکھا جا سکے گا۔
اس موقع پر زمین اور چاند کے درمیان فاصلہ تقریباً 3,62,312 کلومیٹر (2,25,130 میل) ہوگا، جس کے باعث چاند عام پورے چاند کے مقابلے میں تقریباً 6 سے 7 فیصد بڑا اور 10 فیصد تک زیادہ روشن دکھائی دے گا۔
سپر مون عموماً تین سے چار مسلسل واقعات کی صورت میں ظاہر ہوتے ہیں۔ موجودہ سپر مون کا سلسلہ 3 جنوری کے سپر مون کے ساتھ اختتام پذیر ہو رہا ہے۔ اگلا سپر مون سلسلہ نومبر 2026 میں شروع ہوگا، جس میں 2026 کا دوسرا سپر مون شامل ہوگا۔ لہٰذا سال 2026 کے اختتام تک اس کے بعد کوئی اور سپر مون نہیں ہوگا۔