برزل پاس پر برفانی تودہ گرنے سے کیپٹن سمیت تین افراد شہید

image

برزل پاس پر برفانی تودہ گرنے سے کیپٹن سمیت تین افراد شہید ہوگئے، آئی ایس پی آر کے مطابق 2 اور 3 جنوری کی درمیانی شب برزل پاس پر برف ہٹانے کا آپریشن کیا جا رہا تھا تاکہ علاقے میں پاک فوج کی آپریشنل نقل و حرکت کو یقینی بنایا جا سکے۔

بھاری مشینری کے ذریعے کیے جانے والے اس آپریشن کی قیادت کیپٹن اسمد (عمر 28 سال، ساکن لاہور) کر رہے تھے۔ 3 جنوری کی علی الصبح تقریباً 2 بجے آپریشن کے دوران اچانک برفانی تودہ گرنے سے کیپٹن اسمد، دو فوجی جوان اور ایک سویلین مشین آپریٹر ملبے تلے دب گئے۔

ریسکیو ٹیموں کی انتھک کوششوں کے بعد چاروں افراد کو برف سے نکال لیا گیا، تاہم کیپٹن اسمد، سپاہی رضوان (عمر 32 سال، ساکن اٹک) اور مشین آپریٹر عیسیٰ (ساکن استور) زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے شہادت پا گئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق شہداء نے انتہائی سخت موسمی حالات میں فرائض کی انجام دہی کے دوران اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔ ان کی یہ عظیم قربانی اس عزم کی عکاس ہے کہ پاک فوج کے تمام افسران اور جوان مادرِ وطن کے دفاع اور فرائض کی ادائیگی کے لیے ہر قربانی دینے کو تیار ہیں۔

پاک فوج اور پوری قوم شہداء کی اس عظیم قربانی کو سلام پیش کرتی ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US