بڑے منی لانڈرز کے خلاف شکنجہ مزید سخت، وزیر داخلہ کا بھرپور کریک ڈاؤن کا حکم

image

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ایف آئی اے کراچی زون کا دورہ کیا جہاں انہوں نے ایک خصوصی اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس میں ایف آئی اے کراچی زون اور ساوتھ زون کی مجموعی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

وزیر داخلہ محسن نقوی نے منی لانڈرنگ میں ملوث مافیا کے خلاف بلاامتیاز اور بھرپور کریک ڈاؤن کے احکامات جاری کرتے ہوئے کہا کہ بڑے منی لانڈرز پر مضبوط ہاتھ ڈالا جائے اور منی لانڈرنگ میں ملوث عناصر کی مکمل منی ٹریل کو بے نقاب کیا جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ حوالہ ہنڈی کا کاروبار کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا اور عملی طور پر سخت ایکشن نظر آنا چاہیے۔

محسن نقوی نے انسانی سمگلنگ میں ملوث ایجنٹس مافیا کے خلاف بھی مؤثر کارروائی کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ معصوم شہریوں کو ملازمت کا جھانسہ دے کر بیرون ممالک بھجوانے والے عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ ایجنٹس مافیا کے خلاف بغیر کسی دباؤ کے کارروائیاں کی جائیں۔

وزیر داخلہ نے جعلی ادویات کے کاروبار کو انسانی جانوں سے کھیلنے کے مترادف قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس مکروہ دھندے میں ملوث عناصر کو قانون کی گرفت میں لایا جائے گا۔

اجلاس میں بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ گزشتہ چار ماہ کے دوران انسانی اسمگلنگ میں ملوث 20 ایجنٹس کو گرفتار کیا گیا جبکہ 140 ملین روپے مالیت کی نان کسٹم مصنوعات اور منشیات ضبط کی گئیں۔ مسافروں کی سہولت کے لیے کراچی ایئرپورٹ پر سہولت سنٹر بھی قائم کر دیا گیا ہے۔

محسن نقوی نے ایف آئی اے کراچی زون میں انسانی وسائل کی کمی کو ترجیحی بنیادوں پر پورا کرنے کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ افسران کو تمام ضروری وسائل فراہم کیے جائیں گے، تاہم انہیں اپنی کارکردگی سے ادارے کی نیک نامی میں اضافہ کرنا ہوگا۔ انہوں نے انچارج افسران سے ان کے متعلقہ سرکلز کی کارکردگی رپورٹس بھی طلب کیں۔

اجلاس میں ڈائریکٹر ایف آئی اے کراچی زون، ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل ایف آئی اے ساوتھ مجاہد اکبر خان، ڈپٹی ڈائریکٹرز اینٹی منی لانڈرنگ، اینٹی کرپشن، اینٹی سمگلنگ، امیگریشن، کرائمز اور کمرشل بینکنگ سمیت دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US