وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی زیر صدارت سندھ کابینہ کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں صوبے بھر میں جاری ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لیا گیا اور تمام محکموں کو ترقیاتی کام تیز کرنے کی ہدایت کی گئی۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ سندھ حکومت نے کراچی کی ترقی کیلیے 83 ارب روپے کا خصوصی پیکیج دیا ہے، جبکہ شہر میں تمام بڑے ترقیاتی منصوبوں پر ایف ڈبلیو او کام کرے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ منصوبے مکمل ہونے کے بعد کراچی دنیا کے بہترین شہروں میں شمار ہوگا۔
مراد علی شاہ نے کہا کہ ترقیاتی بجٹ کو بہتر انداز میں عوامی فلاح کیلیے استعمال کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ٹرانسپورٹ، سڑکوں کی بہتری، نکاسیٔ آب، صاف پانی، صحت، صنعتی اور زرعی ترقی کے مختلف منصوبوں پر بھی تیزی سے کام جاری ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ نے صوبائی وزراء کو ہدایت کی کہ وہ اپنے اپنے محکموں کے ترقیاتی منصوبوں کی خود نگرانی کریں تاکہ کام بروقت اور شفاف انداز میں مکمل ہو سکے۔