بھارتی ریاست کیرالہ سے تعلق رکھنے والے جیا پرکاش اور راشمی کی محبت کی کہانی 60 سال پرانی ہے جو آخرکار بڑھاپے میں شادی کے رشتے میں بدل گئی۔
اسکول کے دنوں میں ایک دوسرے کے قریب آنے والے جیا اور راشمی کو زندگی کی مشکلات اور مجبوریوں نے الگ راستوں پر ڈال دیا۔ راشمی نے کسی اور سے شادی کی اور جیا پرکاش بیرونِ ملک چلے گئے دونوں نے اپنی زندگیوں کی ذمہ داریاں پوری کیں اور بچے پالے۔
تقریباً کئی دہائیوں بعد قسمت نے انہیں دوبارہ قریب کر دیا۔ راشمی کے شوہر کا انتقال تقریباً دس سال قبل ہوا جبکہ جیا پرکاش اپنی اہلیہ کو پانچ سال پہلے کھو چکے تھے۔ ایک شارٹ فلم کے ذریعے دوبارہ رابطہ قائم ہوا اور سادہ سی ملاقات نے پرانی محبت کو پھر زندہ کر دیا۔
اپنے بچوں کی حمایت سے دونوں نے زندگی کا نیا باب شروع کیا اور شادی کے بندھن میں بندھ گئے یوں 60 سال بعد پہلی محبت کو ایک نئے آغاز کا موقع ملا۔یہ داستان اس بات کا ثبوت ہے کہ کبھی کبھی تقدیر انسان کو محبت کا دوسرا موقع بھی دیتی ہے۔