لاہور کو دو اضلاع میں تقسیم کرنے کی اصولی منظوری، انتظامی اصلاحات کا آغاز

image

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے لاہور کو انتظامی بنیادوں پر دو اضلاع میں تقسیم کرنے کی اصولی منظوری دے دی ہے۔ ذرائع کے مطابق بسنت کے فوری بعد لاہور کی انتظامی ری اسٹرکچرنگ کا باقاعدہ آغاز کیا جائے گا۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ لاہور کی بڑھتی آبادی اور انتظامی دباؤ کو کم کرنے کے لیے شہر کو دو حصوں میں تقسیم کرنا ناگزیر ہوچکا ہے۔ نئے انتظامی سیٹ اپ کے تحت سروس ڈیلیوری اور گورننس کو مزید مؤثر بنانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔

لاہور کی تقسیم کے بعد ڈپٹی کمشنرز، پولیس انتظامیہ اور میونسپل نظام الگ الگ ہوں گے، جبکہ شہری سہولیات کی بہتر فراہمی کے لیے انتظامی حدود ازسرنو متعین کی جائیں گی۔ اجلاس میں ٹریفک مسائل، تجاوزات اور بلدیاتی امور کے مؤثر حل کے لیے نئی انتظامی تقسیم کو ناگزیر قرار دیا گیا۔

پنجاب حکومت کا کہنا ہے کہ لاہور کی آبادی انتہائی زیادہ ہوچکی ہے، دو اضلاع میں تقسیم سے عوامی شکایات کے فوری ازالے اور بہتر نظم و نسق میں مدد ملے گی۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے متعلقہ محکموں کو تمام تر تیاریاں مکمل کرنے کی ہدایت جاری کرتے ہوئے آج ہی پراسیس مکمل کرنے کا حکم دیا۔ مزید اہم اقدامات کے باعث 9 فروری کو اس حوالے سے دوبارہ اجلاس طلب کر لیا گیا ہے۔

حکومتی ذرائع کے مطابق لاہور کی تقسیم کو صوبے میں شہری گورننس اصلاحات کی جانب ایک اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US