استعمال شدہ موبائل فونز کی کسٹم ویلیو میں کمی کے بعد اب فون رجسٹر کروانے پر کتنا ٹیکس ہو گا؟

رواں ہفتے خبر سامنے آئی کہ پی ٹی اے نے درآمد شدہ موبائل فونز پر ٹیکس کم کر دیا۔ جہاں اس خبر پر سوشل میڈیا پر کئی صارفین خوش ہوتے نظر آئے تو وہیں کئی نے دعویٰ کیا کہ دراصل پی ٹی اے نے ٹیکس کم نہیں کیا بلکہ درآمد شدہ موبائل فونز کی کسٹم ویلیو میں کمی کی۔
موبائل آئی فون 15
Anadolu via Getty Images

پاکستان میں موبائل فون صارفین کی بڑی تعداد استعمال شدہ موبائل فونز پر انحصار کرتی ہے۔

ایک عرصے تک پاکستان میں درآمد شدہ موبائل فونز پر سیلز ٹیکس پر چھوٹ تھی تاہم 2021 میں اس وقت کی وفاقی حکومت نے آئی ایم ایف کے مطالبے پر یہ استثنیٰ ختم کر دی جس کے بعد درآمد شدہ موبائل فونز کی قیمتوں میں خاطر خوا اضافہ دیکھنے میں آیا۔

ملک میں استعمال شدہ موبائل شدہ کی مانگ کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ سرکاری اعدادوشمار کے مطابق مالی سال 25-2024 کے دوران 417 ارب روپے سے زائد مالیت کے موبائل فونز درآمد کیے گئے جبکہ سال 24-2023 میں اسی مدت کے دوران 535 ارب روپے کے فونز ملک میں آئے تھے۔

پاکستان میں کسی بھی درآمد شدہ موبائل فون پر مقامی سم استعمال کرنے کے لیے اسے پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی سے رجسٹر کروانا پرتا ہے ۔

تاہم موبائل صارفین کی ٹیکس حکام سے ایک بڑی شکایت استعمال شدہ موبائل فونز پر عائد بھاری ٹیکسز رہے ہیں۔ اس کے باعث کئی افراد اپنے درآمد شدہ موبائلوں کو رجسٹر ہی نہیں کرواتے اور اسے وائی فائی کے ذریعے استعمال کرتے ہیں۔

رواں ہفتے خبر سامنے آئی کہ پی ٹی اے نے درآمد شدہ موبائل فونز پر ٹیکس کم کر دیا۔

جہاں اس خبر پر سوشل میڈیا پر کئی صارفین خوش ہوتے نظر آئے تو وہیں کئی نے دعویٰ کیا کہ دراصل پی ٹی اے نے ٹیکس کم نہیں کیا بلکہ درآمد شدہ موبائل فونز کی کسٹم ویلیو میں کمی کی۔

آئیے جاننے کی کوشش کرتے ہیں کہ آیا پی ٹی اے نے ٹیکسز میں کمی کی یا درآمدی فونز کی کسٹم ویلیو میں کمی ہوئی اور اس کے نتیجے میں اب کن موبائل فونز کی قیمتوں میں کتنی کمی ہو سکتی ہے۔

موبائل فون
Bloomberg via Getty Images

کسٹمز کی جانب سے جاری نوٹیفیکیشن میں کیا کہا گیا؟

ڈائریکٹوریٹ جنرل آف کسٹمز ویلیوایشن کراچی کے ایک نوٹیفکیشن میں کہا گیا کہ 62 اقسام کے پرانے اور استعمال شدہ برانڈڈ موبائل فونز کی نئی کسٹم ویلیو مقرر کر دی گئی ہے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق، جن کمپنیوں کے درآمد شدہ فونز کی کسٹم ویلیوز میں کمی کی گئی ان میں ایپل، سام سنگ، گوگل پکسل اور ون پلس شامل ہیں۔

یہ حکم نامہ بنا کسی پیکنگ اور ایکسسریز کے درآمد کیے گئے پرانے فونز پر لاگو ہو گا۔

کسٹم ڈائریکٹوریٹ کا کہنا ہے کہ اس سے پہلے آخری مرتبہ ڈیڑھ سال قبل موبائل فونز کی مالیت طے کی گئی تھی جو کہ اب مارکیٹ ویلیو سے مطابقت نہیں رکھتی۔

حکام کا مزید کہنا ہے کہ اس فہرست میں آئی فون اور دیگر کمپنیوں کے کئی نئے ماڈلز کو شامل کرنے کی ضرورت تھی جبکہ موجودہ فہرست میں شامل کئی فونز اپنی میعاد پوری کر چکے ہیں۔

نوٹیفکیشن کے مطابق نئی مالیت فہرست میں دیے گئے فونز کے تمام ماڈلز پر لاگو ہ گی چاہے ان کی حالت کیسی بھی ہو۔

موبائل فونز کی کسٹم ویلیو میں کتنی کمی کی گئی؟

پی ٹی اے کی ویب سائٹ پر دستیاب معلومات کے مطابق، صارفین درآمد شدہ فونز اپنا پاسپورٹ یا شناختی کارڈ استعمال کرتے ہوئے رجسٹر کروا سکتے ہیں۔ فونز پر ٹیکس کا تعین ان کی کسٹم ویلیو کی بنیاد پر کیا جاتا ہے جبکہ پاسپورٹ یا شناختی کارڈ پر رجسٹر کروانے پر مختلف شرح لاگو ہوتی ہے۔

پاسپورٹ پر رجسٹر کروانے پر 30 ڈالر تک کی ویلیو کے فونز پر 430 روپے، 30 سے 100 ڈالر مالیت کے فونز پر تین ہزار 200 جبکہ 100 سے 200 ڈالر کے فون پر نو ہزار 580 روپے ٹیکس لاگو ہوتا ہے۔

پی ٹی اے 200 سے 350 ڈالرز کے فونز پر 12 ہزار 200 روپے کے علاوہ 17 فیصد ٹیکس عائد کرتا ہے جبکہ 350 سے 500 ڈالرز کے فونز پر 17 ہزار 800 روپے کے علاوہ 17 فیصد ٹیکس عائد کرتا ہے۔

500 ڈالرز سے زائد ویلیو کے فونز پر ٹیکس 27 ہزار 600 روپے کے علاوہ 17 فیصد سیلز ٹیکس بھی لاگو ہوتا ہے۔

شناختی کارڈ پر رجسٹر کروانے پر 30 ڈالر تک کی ویلیو کے فونز پر 550 روپے، 30 سے 100 ڈالر مالیت کے فونز پر چار ہزار 323 جبکہ 100 سے 200 ڈالر کے فون پر 11 ہزار 561 روپے ٹیکس لاگو ہوتا ہے۔

پی ٹی اے 200 سے 350 ڈالرز کے فونز پر 14 ہزار 661 روپے کے علاوہ 17 فیصد ٹیکس عائد کرتا ہے جبکہ 350 سے 500 ڈالرز کے فونز پر 23 ہزار 420 روپے کے علاوہ 17 فیصد ٹیکس عائد کرتا ہے۔

500 ڈالرز سے زائد ویلیو کے فونز پر ٹیکس 37 ہزار سات روپے کے علاوہ 17 فیصد سیلز ٹیکس بھی لاگو ہوتا ہے۔

موبائل فون
AFP via Getty Images

کن فونز کی کسٹم ویلیو کم کی گئی؟

کسٹم ڈائریکٹوریٹ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق، آئی فون 15 اور اس سے پرانے ماڈلز سے لے کر آئی فون ایکیوس آر تھری تک کے 27 ماڈلز، سام سنگ کے فلیگ شپ ماڈل گیلکسی ایس 23 الٹرا سے لے کر ایس 10 ای اور گیلکسی نوٹ 20 الٹرا سے نوٹ 9 تک کے ماڈلز شامل ہیں۔

اس کے علاوہ گوگل پکسل 9 پرو ایکسل سے لے کر پکسل 5 اے فائیو جی کے 12 ماڈلز اور ون پلس کمپنی کے پانچ فونز بھی اس فہرست میں شامل ہیں۔

موبائل فونز کی ویلیو میں کس حد تک کم کی گئی اس کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ کسٹم ڈائریکٹوریٹ کی جانب سے جاری نئی فہرست کے مطابق آئی فون 15 پرو میکس کی ویلیو 460 ڈالر (ایک لاکھ 28 ہزار 788 روپے) مقرر کی گئی ہے جبکہ اس سے قبل 256 جی بی کے آئی فون 15 پرو میکس کی قدر 1300 ڈالر مقرر تھی۔

اسی طرح سام سنگ کے فلیگ شپ فون ایس 23 الٹرا جس کی ویلیو پہلے ایک ہزار ڈالر سے زائد تھی، اب اس کی کسٹم ویلیو 255 ڈالر مقرر کی گئی ہے جو پاکستانی روپے میں 71 ہزار 300 سے زائد بنتی ہے۔

نئی کسٹم ویلیو کے مطابق، استعمال شدہ آئی فون 15 پرو میکس کی پاسپورٹ کو استعمال کرنے ہوئے رجسٹریشن پر 39 ہزار 693 روپے جبکہ شناختی کارڈ پر رجسٹر کروانے پر 45 ہزار 313 روپے ٹیکس ادا کرنے ہوں گے۔

اسی طرح سام سنگ کے فلیگ شپ فون ایس 23 الٹرا کو پاسپورٹ پر رجسٹر کروانے پر 24 ہزار 336 جبکہ شناختی کارڈ پر اس کی رجسٹریشن پر 26 ہزار 596 روپے ٹیکس ادا کرنے ہوں گے۔

کیا نئی کسٹم ویلیو 2026 سے قبل درآمد کیے گئے فونز پر لاگو ہو گی؟

سید فرحان کراچی میں موبائل فون کی خرید و فروخت کے کاروبار سے منسلک ہیں۔

وہ بتاتے ہیں کہ جب کوئی بھی شخص اپنا فون رجسٹر کروانے کے لیے اپنے فون کا آئی ایم ای آئی نمبر پی ٹی اے کے نظام میں داخل کرتا ہے تو سسٹم ایک نمبر جنریٹ کرتا ہے جس کے مطابق آپ اپنا ٹیکس بینک میں جمع کرواتے ہیں۔

وہ کہتے ہیں کہ اگر کسی شخص نے اپنے فون کا آئی ایم ای آئی نمبر اب تک پی ٹی اے کے سسٹم میں داخل نہیں کیا تو ان کے موبائل کی کسٹم ویلیو نئے ریٹ کے مطابق طے ہو گی۔


News Source

مزید خبریں

BBC

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US