پاکستان کا غزہ میں امن کے لیے بورڈ آف پیس میں شمولیت کا اعلان

image

وزارتِ خارجہ کے ترجمان کے دفتر سے جاری بیان کے مطابق پاکستان نے غزہ میں دیرپا امن کے قیام کے لیے بورڈ آف پیس (BoP) میں شمولیت اختیار کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ یہ فیصلہ امریکی صدر ڈونلڈ جے ٹرمپ کی جانب سے وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف کو دی گئی دعوت کے جواب میں کیا گیا ہے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان، اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرارداد 2803 کے تحت غزہ امن منصوبے پر عملدرآمد کی حمایت کے لیے اس فریم ورک کا حصہ بن رہا ہے۔

پاکستان نے امید ظاہر کی ہے کہ بورڈ آف پیس کے قیام سے غزہ میں مستقل جنگ بندی ممکن ہوگی، فلسطینی عوام کے لیے انسانی امداد میں اضافہ ہوگا، غزہ کی تعمیرِ نو کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں گے۔

وزارتِ خارجہ کے مطابق پاکستان اس بات کا بھی خواہاں ہے کہ ان کوششوں کے نتیجے میں فلسطینی عوام کو ان کا حقِ خودارادیت ملے اور ایک آزاد، خودمختار اور متصل فلسطینی ریاست قائم ہو، جو 1967 سے قبل کی سرحدوں پر مشتمل ہو اور القدس الشریف اس کا دارالحکومت ہو۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ پاکستان بورڈ آف پیس کے رکن کی حیثیت سے فلسطینی عوام کی تکالیف کے خاتمے اور خطے میں پائیدار امن کے قیام کے لیے اپنا تعمیری کردار ادا کرتا رہے گا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US