الیکشن کمیشن آف پاکستان میں پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کی تاخیر سے متعلق سماعت ہوئی، جس دوران چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا نے انتخابات نہ ہونے پر سخت برہمی کا اظہار کیا۔
چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ اگر نقشہ جات، حد بندی اور دیگر انتظامات 10 فروری تک مکمل نہ کیے گئے تو 20 فروری کو وزیراعلیٰ پنجاب کو بھی طلب کیا جاسکتا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ اگر مقامی حکومتیں موجود نہیں تو صوبائی حکومت کا کوئی جواز نہیں بنتا۔
انہوں نے کہا شرمندگی کی بات ہے کہ 2021ء سے بلدیاتی انتخابات نہیں ہوئے۔ ہمیں مجبور نہ کریں کہ وزیراعلیٰ کو طلب کرکے یہاں بٹھا لیں۔
چیف الیکشن کمشنر نے اسپیشل سیکریٹری الیکشن کمیشن کی سربراہی میں کمیٹی تشکیل دینے کا بھی اعلان کیا اور ہدایت کی کہ پنجاب حکومت کی کمیٹی الیکشن کمیشن کی کمیٹی کے ساتھ بیٹھے تاکہ دونوں 10 فروری تک کام مکمل کریں۔
انہوں نے مزید کہا کہ سماعت کو 20 فروری تک ملتوی کیا جا رہا ہے لیکن اگر طے شدہ ٹائم لائن پر عمل نہ ہوا تو الیکشن کمیشن معاملات اپنے ہاتھ میں لے لے گا۔ چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کو معاملے کی حساسیت سے آگاہ کریں۔