اسلام آباد میں پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس آج ہوگا، جس کے لیے 7 نکاتی ایجنڈا جاری کر دیا گیا ہے۔ اجلاس کے دوران مختلف اہم قانون سازی کے بلز منظوری کے لیے ایوان میں پیش کیے جائیں گے۔
رپورٹ کے مطابق مشترکہ اجلاس کے ایجنڈے میں قومی کمیشن برائے انسانی حقوق ترمیمی بل، دانش اسکولز اتھارٹی بل اور گھریلو تشدد کی روک تھام اور تحفظ کا بل شامل ہیں۔
وفاقی وزیر تعلیم ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی دانش اسکولز اتھارٹی بل 2025ء ایوان میں پیش کریں گے جبکہ پاکستان پیپلز پارٹی کی رکن قومی اسمبلی شرمیلا فاروقی گھریلو تشدد کی روک تھام اور تحفظ کا بل 2025ء منظوری کے لیے پیش کریں گی۔
ایجنڈے میں شامل دیگر بلز پر بھی اجلاس کے دوران غور کیا جائے گا جب کہ حکومت اور اپوزیشن کی جانب سے قانون سازی سے متعلق مؤقف سامنے آنے کا امکان ہے۔پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس کو ملکی سیاسی صورتحال کے تناظر میں اہم قرار دیا جا رہا ہے، جہاں متعدد اہم فیصلے متوقع ہیں۔