سینیٹر سلیم مانڈوی والا کی امریکا میں پارلیمانی سطح پر مؤثر سفارت کاری

image

سینیٹر سلیم مانڈوی والا نے امریکا میں مختلف پارلیمانی اور کمیونٹی سطح کے اجلاسوں میں شرکت کرتے ہوئے پاکستان کی مؤثر نمائندگی کی۔ ان دوروں کا مقصد پاکستان اور امریکا کے درمیان قانون ساز اداروں کی سطح پر روابط، مکالمے اور باہمی تعاون کو فروغ دینا تھا۔

امریکی کانگریس کی رے برن ہاؤس آفس بلڈنگ میں ایک اہم کانگریشنل سیشن منعقد ہوا جس کی میزبانی پاکستان پالیسی انسٹی ٹیوٹ امریکا (PPI-USA) کے چیئرمین ڈاکٹر غلام مجتبیٰ نے کی جبکہ اس سیشن کی معاونت ٹیکساس سے کانگریس مین ال گرین نے کی۔

اجلاس میں امریکی کانگریس کے نمایاں اراکین جن میں کانگریس مین ال گرین، کانگریس مین رون ایسٹس (کنساس) اور کانگریس مین ٹام سوزی شامل تھے نے شرکت کی۔ اس موقع پر پاکستان اور امریکا کے درمیان پارلیمانی اور ادارہ جاتی سطح پر روابط کے فروغ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ کانگریس مین رون ایسٹس نے اجلاس سے کلیدی خطاب بھی کیا۔

شرکاء نے پاکستان کے ساتھ مسلسل اور بامقصد پارلیمانی روابط میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔ ملاقات ایک پیچیدہ علاقائی اور عالمی تناظر میں منعقد ہوئی جس میں پاکستان کے علاقائی و عالمی امور میں اہم کردار کو اجاگر کیا گیا۔

مذاکرات کے دوران پارلیمانی سفارت کاری، تزویراتی استحکام، معاشی تعاون اور پاک۔امریکہ تعلقات میں پاکستانی نژاد امریکی کمیونٹی کے مثبت اور تعمیری کردار پر خصوصی توجہ دی گئی۔

سینیٹر سلیم مانڈوی والا کا یہ دورہ پاکستان کی جانب سے پارلیمانی سفارت کاری کو مضبوط بنانے اور امریکا کے ساتھ مختلف سطحوں پر تعمیری اور مؤثر روابط کے عزم کا واضح عکاس ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US