وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے پاکستان میں تعینات امریکی سفیر نیٹلی بیکر کی اہم ملاقات میں پاک–امریکا تعلقات، باہمی مفادات اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوا۔
ملاقات کے دوران غیر قانونی امیگریشن کی روک تھام، پری امیگریشن کلیرنس سسٹم کی افادیت اور جعلی و فراڈ ویزا نیٹ ورکس کے خلاف مشترکہ اقدامات پر اتفاق کیا گیا۔ دونوں فریقین نے قانون نافذ کرنے والے اداروں، خصوصاً پولیس ٹریننگ کے شعبے میں ہر سطح پر تعاون بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ جعلی ویزا نیٹ ورکس اور ایجنٹ مافیا کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اختیار کی گئی ہے اور وہ خود اس پر نگرانی کر رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاسپورٹ کو جدید ٹیکنالوجی سے فول پروف بنایا گیا ہے اور جعلی دستاویزات میں ملوث افراد کے لیے کوئی رعایت نہیں ہوگی۔
محسن نقوی نے غیر قانونی امیگریشن کو سنگین مسئلہ قرار دیتے ہوئے بتایا کہ حکومت کے اقدامات کے نتیجے میں غیر قانونی امیگریشن میں 47 فیصد کمی آئی ہے، اور غیر قانونی طور پر امریکا جانے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے۔
امریکی سفیر نیٹلی بیکر نے کہا کہ امریکا پاکستان کے ساتھ تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتا ہے، دونوں ممالک کی ترجیحات مشترک ہیں اور باہمی تعاون سے دوطرفہ تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔