ایران نے امریکا اور اسرائیل کو سخت الفاظ میں خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ کسی بھی قسم کے حملے کو مکمل جنگ تصور کیا جائے گا اور اس کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔
امریکا اور اسرائیل کی جانب سے ممکنہ حملے کے خدشات پر ردعمل دیتے ہوئے ایرانی حکام نے واضح کیا کہ کسی بھی قسم کی جارحیت برداشت نہیں کی جائے گی اور بدترین صورتحال سے نمٹنے کے لیے ایرانی فوج مکمل طور پر تیار ہے۔
ایرانی حکام کے مطابق امریکی فوجی نقل و حرکت کے پیش نظر ملک میں ہائی الرٹ نافذ کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر محدود یا سرجیکل حملہ بھی کیا گیا تو ایران سخت ترین جواب دے گا۔
حکام کا کہنا تھا کہ ایران اپنی خودمختاری اور سلامتی پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کرے گا اور کسی بھی اشتعال انگیزی کا فیصلہ کن ردعمل دیا جائے گا۔
واضح رہے کہ گزشتہ دنوں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بیان دیا تھا کہ امریکا کی بڑی فورس ایران کی جانب رواں دواں ہے اور بہت سے جہاز ایران کی طرف جا رہے ہیں۔
ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ایران کے قریب احتیاطی طور پر فورس تعینات کی جا رہی ہے اور آئندہ حالات کا جائزہ لیا جا رہا ہے کہ آگے کیا ہوتا ہے۔