وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی ہدایات پر پی اینڈ دی ڈپارٹمینٹ کی مانیٹرنگ اینڈ اویلیوئیشن (ایم ای سی) ٹیم نے کورنگی کازوے برج منصوبے کا دورہ کیا۔
ترجمان کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ نے واضح احکامات دیے کہ عوامی مفاد کے منصوبوں میں معیار پر کوئی سمجھوتہ برداشت نہیں کیا جائے گا۔
ترجمان وزیراعلیٰ سندھ نے بتایا کہ ڈی جی (ایم ای سی) الطاف حسین ساریو کی قیادت میں مانیٹرنگ ٹیم نے منصوبے کا تفصیلی معائنہ کیا، وزیراعلیٰ سندھ کو کورنگی کازوے برج منصوبے پر پیش رفت کی رپورٹ پیش کی گئی۔
وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ کورنگی کازوے برج 6135.146 ملین روپے کے منصوبے میں شفافیت اور رفتار یقینی بنائی جائے، تمام ٹیسٹ بین الاقوامی معیار کے مطابق کیے جائیں۔
مانیٹرنگ ٹیم نے تعمیراتی کام کے معیار اور رفتار کا تکنیکی ماہرین کے ساتھ جائزہ لیا، کنکریٹ کی مضبوطی جانچنے کے لیے شمٹ ہیمر کے ذریعے این ڈی ٹی ٹیسٹ مکمل کیے گئے ہیں۔
وزیراعلیٰ سندھ کو آگاہی دی گئی کہ کورنگی کازوے برج کی مجموعی لمبائی 1.4 کلومیٹر ہے، پل کی لمبائی، چوڑائی، میڈین اور فٹ پاتھ کی پیمائش کا تفصیلی معائنہ کیا گیا ہے، رپورٹ کے مطابق منصوبے کی فزیکل پیش رفت 96 فیصد، مالی اخراجات 78 فیصد ہے۔
ترجمان کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ نے ہدایت کی ہے کہ منصوبہ مارچ 2026 میں مکمل ہونا چاہیے، باقی ماندہ معمولی کام ہر صورت تین ہفتوں میں مکمل کیا جائے۔
وزیراعلیٰ کو بتایا گیا کہ منصوبہ تقریباً مکمل ہے، چند ہفتوں میں عوام کے لیے کھول دیا جائے گا، کنسلٹنٹس نے وزیراعلیٰ سندھ کو ڈرائنگز اور ٹیسٹنگ ریجیم پیش کیا۔