آسمان پر روز ایک ہی سورج نمودار ہوتا اور ایک ہی چاند چمکتا ہے، تاہم روس کے ایک جزیرے میں ایک ساتھ دو سورج طلوع ہوتے دیکھ کر شہری حیران رہ گئے۔ یہ غیر معمولی منظر روس کے جزیرے سخالین میں دیکھا گیا جہاں لوگوں نے بیک وقت دو سورج آسمان پر نمودار ہوتے ہوئے دیکھے۔
یہ منظر سامنے آتے ہی شہریوں نے اپنے موبائل فونز کے کیمرے آن کر لیے اور اس ناقابلِ یقین نظارے کو ویڈیوز اور تصاویر کی صورت میں محفوظ کرنا شروع کر دیا، جو بعد ازاں سوشل میڈیا پر بھی تیزی سے وائرل ہو گئیں۔
دوسری جانب ماہرین نے اس حیرت انگیز منظر کی سائنسی وضاحت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ حقیقت میں آسمان پر سورج ایک ہی تھا، تاہم شدید سردی کے باعث فضا میں بننے والے برف کے ننھے کرسٹلز نے سورج کی روشنی کو منعکس کیا، جس کے نتیجے میں ایک ہی سورج دو جگہوں سے طلوع ہوتا دکھائی دیا۔
ماہرین فلکیات کے مطابق اس قدرتی مظہر کو سائنسی اصطلاح میں ’’سن ڈوگ‘‘ (Sun Dog) کہا جاتا ہے، جو عموماً شدید سرد موسم میں دیکھا جاتا ہے۔
رپورٹ کے مطابق جس وقت یہ منظر دکھائی دیا اس وقت جزیرۂ سخالین میں خون جما دینے والی سردی پڑ رہی تھی اور درجہ حرارت منفی 14 ڈگری سینٹی گریڈ تک گر چکا تھا جبکہ محکمہ موسمیات نے پارہ مزید گر کر منفی 23 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان بھی ظاہر کیا ہے۔