ڈاکٹر بننے کا جنون، نوجوان نے اپنا ہی پاؤں کٹوا دیا، نہ داخلہ ملا نہ محبت

image

بھارتی ریاست اترپردیش کے ضلع جونپور میں ایک دل دہلا دینے والا واقعہ سامنے آیا ہے جہاں ایک نوجوان نے مبینہ طور پر ایم بی بی ایس میں داخلہ حاصل کرنے کے لیے خود ہی اپنا پاؤں کٹوا دیا۔ یہ افسوسناک واقعہ نہ صرف اس کی تعلیم بلکہ اس کی ذاتی زندگی کی تباہی کا سبب بھی بن گیا۔

پولیس کے مطابق 20 سالہ سورج بھاسکر دو مرتبہ نیٹ (NEET) امتحان میں ناکام ہونے کے بعد شدید ذہنی دباؤ کا شکار تھا۔ اسی دباؤ کے عالم میں اس نے ایک انتہائی اور خطرناک قدم اٹھاتے ہوئے خود کو معذور ظاہر کرنے کا منصوبہ بنایا تاکہ ڈس ایبلیٹی کوٹے کے تحت میڈیکل کالج میں داخلہ حاصل کیا جا سکے۔

ابتدائی طور پر سورج کے بڑے بھائی آکاش بھاسکر نے پولیس کو اطلاع دی کہ نامعلوم افراد نے رات کے وقت سورج پر حملہ کیا اسے بے ہوش کیا اور اس کا پاؤں کاٹ کر فرار ہوگئے۔ پولیس نے فوری طور پر مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کی جس کی نگرانی سٹی سرکل افسر گولڈی گپتا کو سونپی گئی۔

تاہم تفتیش کے دوران سورج کے بیان میں کئی تضادات سامنے آئے۔ پولیس نے اس کا موبائل فون چیک کیا اور ایک خاتون سے بھی پوچھ گچھ کی جس کا نمبر تفتیش میں سامنے آیا تھا جس سے شکوک مزید گہرے ہوگئے۔ بعد ازاں تفتیش کاروں کو سورج کی ایک ڈائری بھی ملی جس میں اس نے لکھا تھا کہ میں 2026 میں ایم بی بی ایس ڈاکٹر بنوں گا۔

مسلسل پوچھ گچھ اور شواہد کی جانچ کے بعد پولیس اس نتیجے پر پہنچی کہ سورج نے خود ہی اپنا پاؤں کٹوایا اور واقعے کو مجرمانہ حملہ ظاہر کرنے کی کوشش کی۔ پولیس کے مطابق وہ ڈس ایبلیٹی کوٹے کے ذریعے داخلہ لینا چاہتا تھا مگر اس کا یہ منصوبہ ناکام ہوگیا۔

ایڈیشنل سپرنٹنڈنٹ آف پولیس آیوش شری واستو کو کیس کی تفصیلات سے آگاہ کیا گیا جبکہ پولیس یہ بھی دیکھ رہی ہے کہ نوجوان کے خلاف کن دفعات کے تحت کارروائی کی جا سکتی ہے۔

لائن بازار تھانے کے ایس ایچ او ستیش سنگھ کے مطابق سورج اس وقت ایک نجی اسپتال میں زیرِ علاج ہے۔ اس افسوسناک واقعے میں نہ تو اسے میڈیکل کالج میں داخلہ مل سکا اور نہ ہی اس کی گرل فرینڈ کے ساتھ اس کا رشتہ بچ سکا یوں وہ اپنا پاؤں، مستقبل اور محبت تینوں سے ہاتھ دھو بیٹھا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US