ایرانی پارلیمنٹ کی قومی سلامتی اور خارجہ پالیسی کمیٹی کے رکن محسنی ثانی نے کہا ہے کہ دشمن کی موجودہ فوجی تعیناتیوں کے جواب میں ایرانی مسلح افواج ہائی الرٹ ہیں۔
سی جی ٹی این کے مطابق ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ ایران خطے میں دشمنوں کی تمام حرکات پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہے اور کسی بھی ممکنہ کارروائی کا بھرپور جواب دے گا۔
انہوں نے کہا کہ ایران کی اسٹرائیک رینج آبنائے ہرمز سے لے کر خطے میں امریکا کے تمام مفادات پر محیط ہے اور جوابی اقدامات دشمن کی توقعات سے کہیں زیادہ ہوں گے۔
سی جی ٹی این نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ اسرائیل کے مطابق امریکی بحریہ کا کیریئر اسٹرائیک گروپ ابراہم لنکن مشرق وسطیٰ پہنچ گیا ہے اور وہ امریکی سینٹرل کمانڈ کے دائرہ کار میں کام کر رہا ہے۔
امریکی فضائیہ نے اعلان کیا ہے کہ وہ جلد ہی مشرق وسطیٰ میں کثیر روزہ جنگی تیاریوں کی مشق شروع کرے گی۔
اسرائیل کی ڈیفنس فورسز کی شمالی کمان کے کمانڈر رافی میلو نے کہا کہ علاقائی کشیدگی میں مسلسل اضافے کے پیش نظر اسرائیلی فوج ایران کے خلاف ممکنہ امریکی فوجی کارروائی پر ایران کے ردعمل کی تیاری کررہی ہے اور ہائی الرٹ ہے۔
انہوں نے کہا کہ اگر امریکا ایران پر حملہ کرنے کا فیصلہ کرتا ہے تو ایران کے بعض جوابی اقدامات اسرائیل کو متاثر کر سکتے ہیں جن کے لیے اسرائیلی فوج تیار ہے۔