فلپائن میں بحری جہاز ڈوبنے سے 15 افراد ہلاک، 28 لاپتہ

image

فلپائن میں 350 سے زائد افراد کو لے جانے والے بحری جہاز کے ڈوبنےسے 15 افراد ہلاک جبکہ 28 تاحال لاپتہ ہیں۔ فرانسیسی خبررساں ادارے اے ایف پی نے فلپائن کوسٹ گارڈ کے حوالے سے بتایا کہ ایم وی تریشا کرسٹن 3 نے گزشتہ رات مقامی وقت کے مطابق ایک بج کر 50 منٹ پر ہنگامی سگنل جاری کیا جو زامبوانگا سٹی کی بندرگاہ سے روانگی کے تقریباً چار گھنٹے بعد تھا۔

یہ بندرگاہ جزیرہ منڈانا کے جنوب مغربی سرے پر واقع ہے۔کوسٹ گارڈ کمانڈر رومیل دوا نے اے ایف پی کو بتایا کہ اب تک کم از کم 316 افراد کو بچا لیا گیا ہے جبکہ 15 ہلاکتوں کی تصدیق ہوچکی اور 28 افراد کا تاحال کوئی سراغ نہیں ملا۔

انہوں نے کہا کہ امدادی کارروائیوں میں مدد کے لیے کوسٹ گارڈ کا ایک طیارہ روانہ کر دیا گیا ہے جبکہ بحریہ اور فضائیہ نے بھی اپنے وسائل فراہم کر دیے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 18 زخمیوں کو ایک مقامی اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔فیری زامبوانگا سٹی سے جولو جزیرے کی جانب رواں دواں تھی کہ یہ حادثہ پیش آیا۔ کوسٹ گارڈ کمانڈر نے کہا کہ فی الحال حادثے کی وجہ معلوم نہیں ہو سکی تاہم واقعے کی وجوہات جاننے کے لیے باقاعدہ تحقیقات کا حکم دے دیا گیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ بچ جانے والوں کو زامبوانگا اور اسابیلا سٹی میں واقع کوسٹ گارڈ اسٹیشنز منتقل کیا جا رہا ہے۔ کوسٹ گارڈ کے مطابق فیری میں ضرورت سے زیادہ مسافر سوار نہیں تھے۔ واضح رہے کہ 116 ملین آبادی پر مشتمل جزیرہ نما ملک فلپائن میں بین الجزیری فیری کے حادثات کی طویل تاریخ ہے جہاں سستے اور کم ضابطہ شدہ بحری جہازوں پر انحصار کیا جاتا ہے۔ 2023 میں بھی جنوبی فلپائن میں ایک فیری میں آگ لگنے کے واقعے میں 30 سے زائد افراد ہلاک ہوگئے تھے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US