سعودی عرب، کنگ خالد ایئر پورٹ میں انٹرنیشنل ٹرمینل 2 کا افتتاح

image

سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض کے گورنر شہزادہ فیصل بن بندر نے کنگ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ میں انٹرنیشنل ٹرمینل 2 کا باضابطہ افتتاح کردیا۔

العربیہ اردو کے مطابق اس موقع پر انٹرنیشنل ٹرمینلز 1 اور 2 کی ترقی اور توسیع کے منصوبے کی تکمیل کا بھی اعلان کیا گیا، یہ اقدام شہری ہوابازی کے شعبے میں بنیادی ڈھانچے کی تیز رفتار ترقی اور مملکت کے ہوائی اڈوں کی بڑھتی سفری سرگرمیوں سے ہم آہنگ تیاریوں کا عکاس ہے۔

ٹرمینلز کی ترقی کے منصوبے کے تحت جامع کام انجام دیے گئے جن میں آپریشنل نظاموں کی تجدید کاری، روانگی اور آمد کے حصوں میں توسیع اور دونوں ٹرمینلز کے اندر نقل و حرکت کے راستوں میں بہتری شامل ہے۔ ان اقدامات سے طریقہ کار میں روانی پیدا ہوئی، آپریشنل کارکردگی میں اضافہ ہوا اور عالمی معیار کے مطابق مسافروں کے سفر کے تجربے کو بہتر بنایا گیا۔

اسی تناظر میں اس منصوبے کے نتیجے میں ٹرمینلز ایک اور 2 کی مجموعی گنجائش بڑھ کر تقریباً 14 ملین مسافر سالانہ تک پہنچ گئی ہے، جبکہ اس سے قبل یہ صلاحیت تقریباً 6 ملین مسافروں تک محدود تھی۔ یوں گنجائش میں 130 فیصد سے زائد اضافہ ہوا ہے، جو دارالحکومت ریاض سے آنے اور جانے والے مسافروں کی بڑھتی طلب کو پورا کرنے کی کنگ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ کی صلاحیت کو ظاہر کرتا ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US