فرانس کی قومی اسمبلی میں 15 سال سے کم عمر بچوں کے سوشل میڈیا استعمال پر پابندی کا بل پیش کیا گیا ہے، جس پر آج ووٹنگ ہوگی۔
خبر ایجنسی کے مطابق بل میں کم عمر بچوں کے لیے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کے استعمال پر مکمل پابندی کی تجویز دی گئی ہے۔ علاوہ ازیں بل میں مڈل اسکولوں میں اسمارٹ فونز کے استعمال پر پابندی کو ہائی اسکولوں تک بڑھانے کی تجویز بھی شامل ہے۔
خبر ایجنسی کے مطابق بل میں سوشل میڈیا کے زیادہ استعمال کو کم عمر بچوں میں ذہنی صحت کے مسائل میں اضافے کا سبب قرار دیا گیا ہے۔ قومی اسمبلی سے منظوری کے بعد بل سینیٹ میں بھی منظوری کے لیے پیش کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ فرانسیسی صدر نوجوانوں میں بڑھتے ہوئے تشدد کے رجحان کا ایک سبب سوشل میڈیا کو قرار دے چکے ہیں اور وہ آسٹریلیا کی طرح فرانس میں بھی کم عمر بچوں کے سوشل میڈیا استعمال پر پابندی لگانے کے خواہاں ہیں۔